20 مئی کو شانگلہ بھر میں اگیگا کا قلم چھوڑ اور تالہ بند ہڑتال کا اعلان۔
تمام تنظیمیں احتجاج میں بھرپور شرکت کو یقینی بنا کر ملازم دوستی کا ثبوت دیں۔اسلام یوسفزئی
شانگلہ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) ضلع شانگلہ کا ایک ہنگامی اجلاس آج 18 مئی 2026 کو گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 1 الپوری میں چیئرمین اگیگا ضلع شانگلہ اسلام یوسفزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔اجلاس میں مختلف سرکاری ملازمین تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی جن میں سجاد علی صدر ملگری استاذان ضلع شانگلہ، فضل ودود صدر SST ویلفیئر ایسوسی ایشن شانگلہ، قاری عبداللہ صدر جمعیت اساتذہ شانگلہ، فضل حقانی نمائندہ وحدت اساتذہ، شہنشاہ صدر ایکٹا، لیاقت علی صدر کلاس فور، محمد عالم صدر MTA، شوکت علی صدر کلاس فور ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ، عادل شاہ نمائندہ APTA، محمد عثمان نمائندہ APCA ڈی سی آفس، محمد علی اور قاری اختر منیر قاری ٹیچر ایسوسی ایشن ضلع شانگلہ شامل تھے۔اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 20 مئی 2026 کو ضلع شانگلہ کے تمام سرکاری ملازمین صبح ساڑھے گیارہ بجے تمام دفاتر اور سکولوں میں تالہ بند اور قلم چھوڑ ہڑتال کریں گے۔ بعد ازاں تمام ملازمین GPS نمبر 1 الپوری میں جمع ہو کر جلوس کی صورت میں پریس کلب الپوری کے سامنے پہنچ کر اپنے مطالبات کے حق میں بھرپور احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔
چیئرمین اگیگا اسلام یوسفزئی نے تمام تنظیموں پر زور دیا کہ وہ احتجاج میں بھرپور شرکت کو یقینی بنا کر ملازم دوستی کا ثبوت دیں۔ انہوں نے ملازمین سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے متحد ہو کر یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور احتجاج میں جوق در جوق شرکت کریں۔