غریب آباد سکھر شاپ کیپر ایسوسی ایشن کے انتخابات، خدمت پینل کامیاب
تفصیلات کے مطابق شاپ کیپر ایسوسی ایشن غریب آباد سکھر کے انتخابات اپنے فیصلہ کن مرحلے میں مکمل ہوگئے۔ چیف الیکشن کمشنر حمید کمبوہ نے باقاعدہ نتائج کا اعلان کرتے ہوئے خدمت پینل کی بھاری اکثریت سے شاندار اور تاریخی کامیابی کا اعلان کیا۔انتخابی نتائج کے مطابق مجموعی طور پر 161 ووٹوں میں سے 124 ووٹ کاسٹ ہوئے جبکہ ایک ووٹ مسترد قرار پایا۔ خدمت پینل کے صدر لالہ عابد نے 107 ووٹ حاصل کرکے واضح برتری کے ساتھ میدان مار لیا جبکہ مدِ مقابل ہمدرد پینل صرف 16 ووٹ حاصل کرسکا۔نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی انتخابی مرکز میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا۔ ڈھول کی تھاپ، پھولوں کے ہار، مٹھائیاں تقسیم اور مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جبکہ حامیوں نے اس کامیابی کو یادگار اور فیصلہ کن فتح قرار دیا۔اس موقع پر تاجر رہنماؤں حاجی جاوید میمن، حاجی شفیع عباسی، ممتاز لکی سمیت دیگر نے بھی خدمت پینل کو شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔









