سکھر(بیورو رپورٹ) سکھر پولیس نے سیاہ کاری کے نام پر غیرقانونی جرگہ منعقد کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے جرگے کے سربراہ سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان سکھر پولیس کے مطابق ایس ایس پی سکھر نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سیاہ کاری کے جرگے کی ویڈیو کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن کو کارروائی اور ملوث افراد کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن احمد علی شر نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جرگے کے سربراہ ریاض محمد چوہان سمیت 8 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں ریاض محمد چوہان، نصر اللہ دایو، عابد حسین جعمانی، عبدالحلیم شیخ، جاوید میرانی، محمد حسین میرانی، عبدالغفار جعمانی اور وزیر سہتو شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے مسمات (ن) میرانی اور اصغر جعمانی پر سیاہ کاری کا الزام عائد کرتے ہوئے اصغر جعمانی برادری کو بطور عیوضہ ونی دینے کے لیے غیرقانونی جرگہ منعقد کیا تھا، جس کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ اے سیکشن میں مقدمہ نمبر 151/2026 درج کرلیا ہے۔ مقدمہ دفعہ 310A، 311، 346، 350، 351، 355، 147، 148، 149، 120B اور 506/2 پی پی سی کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی سکھر اظہر خان کا کہنا ہے کہ غیرقانونی جرگوں کے انعقاد، خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی اور رسومات کے نام پر کسی بھی قسم کی زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکھر پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور خواتین کے حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور معاشرے میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
7









