10

نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)دوڑ پریس کلب کے صدر غلام مصطفی بروہی کی وفات پر جسقم کے

نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)دوڑ پریس کلب کے صدر غلام مصطفی بروہی کی وفات پر جسقم کے چیئرمین صنان خان قریشی نے مرحوم کے ورثاءمیر سندھی، عبدالستار بروہی اور عمران علی بروہی سے تعزیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اس موقع پر جسقم کے چیئرمین صنان خان قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات، بے روزگاری، بھوک اور افلاس کے خلاف کل 17 مئی کو نواب شاہ میں ایک بڑی ریلی نکالی جائے گی، جس کی تیاریوں کے لیے وہ گھر گھر اور شہر شہر جا کر عوام سے رابطہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بھوک، غربت اور بے روزگاری میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے، جس کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جب کہ نوجوانوں کا مستقبل بھی خطرے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات سندھ کی نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہے اور حکومت اس پر قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے۔صنان خان قریشی نے مزید کہا کہ منشیات کی وبا سے معصوم بچے بھی محفوظ نہیں جبکہ بھوک اور غربت نے سندھ کے عوام کی زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر منشیات پر قابو پایا جائے، بے روزگاری کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، بصورت دیگر احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی۔اس موقع پر جسقم کے رہنما شعبان ماتی، فیروز لغاری، بادل بروہی، سید شفیق احمد شاہ جیلانی، سید عارف شاہ محبوب خاصخیلی اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں