بچوں کے حقوق کے فروغ کے لیے پنجاب اسمبلی میں کاکس کا اہم اجلاس۔
اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی سردار اویس دریشک، سلمی سعید ہاشمی اور دیگر نے شرکت کی۔
لاہور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق مختلف صلاحیتوں کے حامل بچوں کے پارلیمانی کاکس کا اجلاس کنوینئر محترمہ سلمی سعید ہاشمی ایم پی اے۔سینئیر نائب صدر پاکستان مسلم لیگ ق ویمن ونگ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا اجلاس میں اراکین صوبائی اسمبلی سردار اویس دریشک، سلطان باجوہ، عطیہ افتخار، عدنان چٹھہ، قدسیہ بتول، شگفتہ فیصل سمیت متعدد اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں اور متعلقہ سرکاری محکموں کے سربراہان بھی موجود تھے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے خصوصی بچوں کی تعلیم کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر ایک جامع پریزنٹیشن پیش کی۔ پریزنٹیشن میں جاری پروگرامز، درپیش چیلنجز اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب سکل ڈیپارٹمنٹ فاؤنڈیشن نے مختلف صلاحیتوں کے حامل بچوں کی مہارت افزائی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اب تک کیے گئے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔اراکین اسمبلی نے دونوں محکموں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ خصوصی بچوں کی فلاح و بہبود ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے مزید موثر پالیسی سازی اور عملی اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اراکین نے کنوینر سلمیٰ سعید ہاشمی، ایم پی اے پاکستان مسلم لیگ ق کی دن رات کی کاوشوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قیادت میں کاکس خصوصی بچوں کی آواز مؤثر طریقے سے حکام تک پہنچا رہا ہے۔اجلاس کے اختتام پر کنوینر سلمیٰ سعید ہاشمی ایم پی اے۔۔نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “آپ سب کی آمد اور تجاویز کا شکریہ۔ انشاءاللہ اسی جذبے کے ساتھ ہم آئندہ بھی میٹنگز کرتے رہیں گے اور خصوصی بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے”۔