9

گورنمنٹ کالج پشاور میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

گورنمنٹ کالج پشاور میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

جس کے مہمان سپیکر کالج کے سابق طالب علم محمد سلمان تھے۔

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق گورنمٹ کالج پشاور میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھا جس کے مہمانِ سپیکر کالج کے سابق طالب علم محمد سلمان تھے، جن کا تعلق چارسدہ سے ہے۔ محمد سلمان نے حالیہ سی ایس ایس امتحان میں 69ویں پوزیشن حاصل کرتے ہوئے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS) میں اپنی جگہ بنائی ہے۔محمد سلمان نے 2017 سے 2019 تک گورنمنٹ کالج پشاور سے ایف ایس سی کی تعلیم حاصل کی۔ بعد ازاں نمل یونیورسٹی سے بی ایس انگلش مکمل کیا اور صرف چھ ماہ کی مسلسل محنت کے بعد سی ایس ایس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔یہ سیمینار کالج کے پرنسپل شفیع اللہ خٹک کی دعوت پر منعقد ہوا جبکہ اس کا اہتمام شعبۂ سیاسیات کے چیئرمین جناب جمشید خان نے کیا۔ سیمینار میں پولیٹیکل سائنس، انگلش اور دیگر شعبہ جات کے طلبہ نے بھرپور شرکت کی جبکہ کالج کے سینئر اساتذہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک سے ہوا جس کے بعد چیئرمین شعبۂ سیاسیات جناب جمشید خان نے تمام معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اپنے خطاب میں محمد سلمان نے طلبہ کو سی ایس ایس کی تیاری، مضامین کے انتخاب، امتحانی حکمتِ عملی اور مطالعے کے مؤثر طریقۂ کار کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔اپنے خطاب میں پرنسپل شفیع اللہ خٹک نے محمد سلمان کو طلبہ کے لیے رول ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ محنت، عزم اور مستقل مزاجی کے ذریعے ہر طالب علم کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے محمد سلمان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملک و قوم کی خدمت کرنی ہے اور غریب عوام کے لیے اپنے دروازے ہمیشہ کھلے رکھنے ہیں۔تقریب کے اختتام پر پروفیسر حمیم الرحمن نے دعا کروائی جبکہ طلبہ نے محمد سلمان کے ساتھ یادگاری تصاویر بھی بنوائیں۔ بعد ازاں محمد سلمان نے کالج کی پرانی یادیں تازہ کرتے ہوئے انہی کلاس رومز کا دورہ کیا جہاں وہ بطور طالب علم بیٹھا کرتے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں