15

پروفیسر محمد سہیل ملک — علم، وقار اور خدمت کا روشن استعارہ خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

پروفیسر محمد سہیل ملک — علم، وقار اور خدمت کا روشن استعارہ

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

کسی بھی معاشرے کی اصل پہچان اس کے اہلِ علم اور معمارانِ قوم ہوتے ہیں۔ وہ اساتذہ کرام جو اپنی صلاحیت، کردار، محنت اور خلوصِ نیت سے نئی نسل کی فکری و اخلاقی تربیت کرتے ہیں، درحقیقت قوموں کی تقدیر سنوارتے ہیں۔ ضلع خوشاب کی علمی و تعلیمی تاریخ میں اگر چند نمایاں ناموں کا ذکر کیا جائے تو پروفیسر محمد سہیل ملک کا نام نہایت عزت و احترام سے لیا جاتا ہے۔
حالیہ دنوں محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کے زیرِ اہتمام “کے پی آئی” پروگرام کے تحت سرگودھا ڈویژن کے بہترین استاد کے اعزاز سے نوازا جانا نہ صرف پروفیسر محمد سہیل ملک کی علمی و تدریسی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ یہ ضلع خوشاب کے لیے بھی ایک اعزاز اور فخر کی بات ہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی اور صحافتی حلقوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ موصوف نہ صرف ایک بہترین استاد بلکہ ایک باوقار اور ہر دلعزیز شخصیت بھی ہیں۔ یادرہے کہ محکمہ ءتعلیم کے سرمایہء افتخار پروفیسر سہیل ملک کا آبائ علاقہ نورپوررتھل /خوشاب ہے۔ آپ یہاں کی معروف معزز سیٹھ فیملی کے قابل فخر چشم و چراغ ہیں ۔
پروفیسر محمد سہیل ملک نے اپنی پوری زندگی علم کی روشنی پھیلانے، طلبہ کی کردار سازی اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ شعبۂ تدریس میں ان کی خدمات گرانقدر اور ناقابلِ فراموش ہیں۔ وہ ان اساتذہ کرام میں شامل ہیں جو صرف کتابی علم تک محدود نہیں رہتے بلکہ طلبہ کی ذہنی، اخلاقی اور سماجی تربیت کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے شاگرد آج مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنے استاد محترم پر فخر محسوس کرتے ہیں۔
پروفیسر محمد سہیل ملک نے پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن سرگودھا میں سابق جنرل سیکرٹری اور نائب صدر کے طور پر بھی بھرپور خدمات انجام دیں۔ اس پلیٹ فارم پر رہتے ہوئے انہوں نے اساتذہ کرام کے مسائل کے حل، تعلیمی اداروں کے وقار کی بحالی اور شعبۂ تعلیم کی بہتری کے لیے ہمیشہ مؤثر آواز بلند کی۔ ان کی قائدانہ صلاحیتوں، سنجیدہ طرزِ فکر اور مثبت رویے نے انہیں اساتذہ برادری میں ایک منفرد مقام عطا کیا۔
ان کی شخصیت کا سب سے خوبصورت پہلو ان کا اخلاق، عاجزی اور انسان دوستی ہے۔ وہ ہر طبقۂ فکر میں یکساں مقبول ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں میں ان کا شمار اُن شخصیات میں ہوتا ہے جو اپنے کردار اور گفتار سے دوسروں کے دل جیت لیتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ انہیں نہایت عزت و احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں۔
یہ حقیقت اپنی جگہ مسلم ہے کہ ایک اچھا استاد صرف کلاس روم تک محدود نہیں ہوتا بلکہ وہ پورے معاشرے کی فکری تربیت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ پروفیسر محمد سہیل ملک انہی نابغۂ روزگار اساتذہ کرام میں شامل ہیں جنہوں نے اپنی محنت، خلوص اور دیانت داری سے شعبۂ تعلیم میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی کامیابی نوجوان اساتذہ کرام کے لیے بھی مشعلِ راہ ہے کہ اگر انسان محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائے تو کامیابیاں اس کا مقدر بن جاتی ہیں۔
ضلع خوشاب کو اپنے اس قابلِ فخر سپوت پر بجا طور پر ناز ہے۔ دعا ہے کہ پروفیسر محمد سہیل ملک اسی جذبے، خلوص اور عزم کے ساتھ علم کی شمع روشن کرتے رہیں اور آنے والی نسلیں ان کے تجربات، علم اور کردار سے فیض یاب ہوتی رہیں۔ آمین

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں