سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان ماہرین نیوز
سیپکو افسر کے نازیبا الفاظ اور نشہ کے الزامات: چیئرمین بورڈ کا نوٹس، انکوائری شروع
گھوٹکی/سکھر (بیورورپورٹ)سیپکو کے سپرنٹنڈنگ انجنیئر (ایس ای) سرکل گھوٹکی غلام علی تنیو کی جانب سے سائٹ چیکنگ کے دوران نازیبا الفاظ استعمال کرنے اور مبینہ طور پر نشہ استعمال کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس معاملے کو سیپکو بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین غلام مصطفیٰ لغاری نے سنگین نوٹس لے لیا ہے۔چیئرمین لغاری نے فوری طور پر سی ای او سیپکو انجنیئر اعجاز احمد چنہ سے رابطہ کرکے معاملے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیا۔ ان کی ہدایت پر چیف ایگزیکٹو آفیسر نے واقعے کی چھان بین کے لیے ڈائریکٹر کسٹمر سروس مشتاق احمد عباسی کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کردی۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں چیف فنانشل آفیسر امداد علی میرانی، ایچ آر اینڈ ایڈمن ڈائریکٹر دیپک کمار اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ واپڈا ہسپتال سکھر ڈاکٹر عاشق حسین ڈومکی شامل ہیں۔سی ای او سیپکو نے کمیٹی کو واضح ہدایت کی ہے کہ وہ واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے اور اپنی رپورٹ سات دن کے اندر پیش کرے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مبینہ طور پر نشہ آور چیز استعمال کرنے کے الزام کے پیش نظر ملزم افسر کا میڈیکل چیک اپ بھی کروایا جائے تاکہ حقیقت واضح ہو سکے۔تحقیقات مکمل ہونے تک سی ای او نے ایس ای گھوٹکی غلام علی تنیو کو فوری طور پر سیپکو ہیڈکوارٹر سے منسلک (اٹیچ) کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مربوط طریقے سے تمام پہلوؤں کی جانچ کرے اور قانونی کارروائی کے لیے سفارشات مرتب کرے۔واضح رہے کہ وائرل ویڈیو میں سیپکو افسر کے پیشہ ورانہ رویے پر سوالیہ نشان اٹھ رہا ہے، جس کے بعد محکمانہ کارروائی شروع کردی گئی ہے۔