عمرکوٹ میں ترقیاتی منصوبوں کا دائرہ وسیع، پانی و نکاسیٔ آب کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات تیز منتخب نمائندوں، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور مقامی قیادت کی مشترکہ کاوشیں شہریوں کیلئے امید کی کرن بن گئیں
عمرکوٹ (رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف) تاریخی شہر عمرکوٹ میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ بھرپور انداز میں جاری ہے، جہاں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، صاف پانی کی دستیابی اور نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایم این اے صبا تالپور کے ترقیاتی فنڈز سے شہر کے مختلف وارڈز میں سڑکوں کی تعمیر، گلیوں کی پختگی، ڈرینیج سسٹم کی بہتری اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔مذکورہ منصوبوں کے بعد ایم پی اے سید امیر علی شاہ کے کوٹے سے بھی شہر کے مختلف علاقوں میں مزید ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ گٹر، نالوں اور نکاسیٔ آب کے دیرینہ مسائل کے مستقل اور مؤثر حل کیلئے الگ سے 7 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جسے شہری حلقوں نے خوش آئند قرار دیا ہے۔ شہر میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پانی کی فراہمی بہتر بنانے، نئی پائپ لائنیں بچھانے، پرانی لائنوں کی مرمت اور پانی کی قلت کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو صاف پانی کی مسلسل فراہمی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کی امید پیدا ہوگئی ہے۔اسی سلسلے میں نامور سماجی شخصیت اور پریس کلب عمرکوٹ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین رسول بخش رحیمدانی، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع عمرکوٹ کے سینیئر نائب صدر برھان الدین کنبھر، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے انجنیئر سید حیدر شاہ، سب انجنیئر گل حسن، ٹھیکیدار شیوا میگھواڑ متعلقہ افسران اور دیگر شخصیات کے درمیان ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اس موقع پر رسول بخش رحیمدانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ کی ترقی، خوبصورتی اور شہری مسائل کا حل ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اور یہ خوش آئند امر ہے کہ منتخب نمائندے، متعلقہ ادارے اور مقامی قیادت عملی طور پر عوامی خدمت میں مصروف ہیں۔برھان الدین کنبھر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے وژن پر یقین رکھتی ہے، اور عمرکوٹ میں جاری ترقیاتی منصوبے اسی سوچ کا عملی مظہر ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کے بنیادی مسائل کے مستقل حل کیلئے مزید ترقیاتی منصوبے بھی جلد شروع کیے جائیں گے۔انجنیئر سید حیدر شاہ نے بتایا کہ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پوری ذمہ داری، دیانتداری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا ہے، اور شہر میں پانی کی قلت، نکاسیٔ آب اور دیگر بنیادی مسائل کے حل کیلئے دن رات کام جاری ہے۔شہریوں جمیل احمد، خیر الدین، بابر علی، محمد اسماعیل اور دیگر نے جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ میں پہلی مرتبہ اتنے منظم، وسیع اور مؤثر انداز میں ترقیاتی منصوبوں پر کام ہوتا نظر آ رہا ہے۔ انہوں نے ایم این اے صبا تالپور، برھان الدین کنبھر، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی ٹیم اور ٹھیکیداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبے جلد مکمل ہو کر شہریوں کیلئے حقیقی معنوں میں آسانیاں اور خوشحالی لائیں گے۔