25

سوتیلے بھائیوں کی جانب سے زمین پر قبضے اور تشدد کے خلاف معذور شخص کا اہلخانہ سمیت احتجاج

سوتیلے بھائیوں کی جانب سے زمین پر قبضے اور تشدد کے خلاف معذور شخص کا اہلخانہ سمیت احتجاج

سکھر (بیورورپورٹ)گاؤں نہال خان کھوسہ کے رہائشی کھوسو برادری سے تعلق رکھنے والے ایک معذور شخص نے اپنی بیوی اور معصوم بچوں کے ہمراہ سوتیلے بھائیوں کی مبینہ ظلم و زیادتیوں، زمین پر زبردستی قبضے اور پولیس کی جانب سے ہراسانی کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر احتجاج کی قیادت کرتے ہوئے صاحب ولد راحب کھوسو نے الزام عائد کیا کہ ان کے سوتیلے بھائی عبدالحق کھوسو، زوار کھوسو، زاہد کھوسو اور چار نامعلوم افراد نے ان کی زرعی زمین پر زبردستی قبضہ کر رکھا ہے اور انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کر کے زمین سے دستبردار ہونے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے رات کے وقت ان کے گھر میں داخل ہو کر انہیں، ان کی اہلیہ اور بچوں کو یرغمال بنایا اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔صاحب کھوسو کا کہنا تھا کہ ملزمان نے خود ہی کچرے کے ڈھیر کو آگ لگائی اور بعد ازاں اس کا الزام ان کے معصوم بچوں پر عائد کر دیا، جس کے بعد پولیس بھی انہیں مسلسل ہراساں کر رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ متعدد بار متعلقہ پولیس حکام کو شکایات درج کروانے کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس کے باعث وہ شدید ذہنی اذیت اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔احتجاجی مظاہرے کے دوران متاثرہ خاندان نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ان کی زمین واگزار کرا کے انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور مبینہ طور پر ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انہیں اور ان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں