21

ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود فوتی کوٹے پر نوکری نہ مل سکی، نوجوان کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود فوتی کوٹے پر نوکری نہ مل سکی، نوجوان کا سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاج

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر کے علاقے جونیجا محلہ باگڑجی کے رہائشی سید برادری سے تعلق رکھنے والے نوجوان وسیم حسین ولد مرید حسین شاہ نے سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائیٹ) انتظامیہ کی جانب سے ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود فوتی کوٹے پر ملازمت فراہم نہ کیے جانے کے خلاف سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم حسین شاہ نے بتایا کہ ان کے والد مرید حسین شاہ سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ (سائیٹ) میں انجینئر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے، تاہم سال 2018 میں ان کے انتقال کے بعد گھر کے معاشی حالات شدید متاثر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ والد کے انتقال کے بعد انہوں نے قانون کے مطابق فوتی کوٹے پر ملازمت کے لیے درخواست دی، لیکن متعلقہ ادارے کے افسران نے انہیں ملازمت دینے سے انکار کر دیا۔وسیم حسین شاہ کے مطابق انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے سال 2020 میں سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جہاں عدالت نے ان کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے متعلقہ ادارے کو فوتی کوٹے پر ملازمت فراہم کرنے کا پابند بنایا، تاہم عدالتی احکامات کے باوجود سائیٹ انتظامیہ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ افسران نے نہ صرف عدالتی احکامات کو نظر انداز کیا بلکہ انہیں دھمکیاں بھی دیں اور کہا کہ “جاؤ، نوکری بھی تمہیں ہائی کورٹ ہی دے گی۔”انہوں نے مزید کہا کہ وہ انتہائی غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں اور والد کے انتقال کے بعد گھر کی کفالت کی تمام ذمہ داریاں ان کے کندھوں پر آ گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ کئی برسوں سے متعلقہ ادارے کے دفاتر کے چکر لگا لگا کر تھک چکے ہیں لیکن انہیں انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا۔احتجاجی مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ اور وفاقی رہنما سید خورشید احمد شاہ سے مطالبہ کیا کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کراتے ہوئے وسیم حسین شاہ کو فوتی کوٹے پر فوری ملازمت فراہم کی جائے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں