19

سکھر/خیرپور میرس(بیورورپورٹ)سینئر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام

سکھر/خیرپور میرس(بیورورپورٹ)سینئر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے خیرپور میرس میں پیپلز بس سروس کے دو نئے روٹس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج خیرپور کے عوام کے لیے نہایت اہم اور خوشی کا دن ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے خیرپور کے عوام کے لیے پیپلز بس سروس شروع کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے ہر دورِ حکومت میں تاریخی کام کیے اور ہر گاؤں، تحصیل اور ضلع میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کرائے۔ تمام تر کاوشوں کے باوجود پیپلز پارٹی پر تنقید اور میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے لیکن سندھ کے تمام اضلاع میں جس انداز سے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ خیرپور ضلع میں اسپیشل اکنامک زون سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے دور میں قائم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا واحد ایسا اسپتال جہاں پھیپھڑوں اور جگر کی پیوندکاری کی سہولت موجود ہے گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہے جو خیرپور کے عوام کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیرپور کے عوام خوش قسمت ہیں کہ انہیں مخلص نمائندے میسر آئے ہیں۔ خیرپور کے عوام نے ہمیشہ پاکستان پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا اور مخالفین کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی کے نمائندوں نے عوامی خدمت نہ کی ہوتی تو وہ اپنے حلقوں میں کامیاب نہ ہوتے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی مفت ہاؤسنگ اسکیم شروع کی گئی جس کے تحت سندھ حکومت 22 لاکھ خاندانوں کو مفت گھر فراہم کر رہی ہے۔ مزدوروں کی فلاح کے لیے مزدور کارڈ جبکہ ہاریوں کے لیے ہاری کارڈ متعارف کرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جتنا بھی پروپیگنڈہ اور میڈیا ٹرائل کیا جائے ہر انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی پہلے سے زیادہ کامیابی حاصل کرتی ہے۔ سندھ میں ہر الیکشن میں پیپلز پارٹی کو عوامی پذیرائی میں اضافہ ملا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج خیرپور میں پیپلز بس سروس کے دو نئے روٹس شروع کیے جا رہے ہیں۔ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود سندھ حکومت عوام کو کم کرائے پر جدید اے سی بسوں کی سہولت فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مسافر کے کرائے کا ایک حصہ سندھ حکومت سبسڈی کی صورت میں ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ نئی اسکیم کے تحت خیرپور کے لیے مزید بسیں فراہم کی جائیں گی جبکہ جلد خیرپور میں پنک بس سروس اور پنک اسکوٹی سروس بھی شروع کی جائے گی تاکہ خواتین کو محفوظ اور باعزت سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کی فراہمی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ بعض سیاسی جماعتیں اتحاد بنا کر انتخابات لڑتی ہیں مگر عوام انہیں مسترد کر دیتے ہیں اور آئندہ بھی شکست ان کا مقدر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2024 کے انتخابات میں بعض امیدواروں کو اپنے گھروں کے ووٹ بھی حاصل نہیں ہو سکے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سیاست میں ہر جماعت کو حصہ لینے کا حق حاصل ہے تاہم تنقید اخلاق کے دائرے میں رہ کر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کو بلاول بھٹو زرداری جیسی نوجوان اور متحرک قیادت کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے ہر عالمی فورم پر پاکستان کا مؤثر دفاع کیا اور بھارت کے بیانیے کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ پاکستان کی افواج نے کس بہادری کے ساتھ دشمن کو شکست دی۔ پاکستان کو ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی قوت بنایا جبکہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کو مضبوط کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے ملکی دفاع کے حوالے سے اہم معاہدے کیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ بھرپور انداز میں اٹھایا اور بھارت جا کر بھی کشمیری عوام کی آواز بلند کی۔ اس موقع پر ایم این اے سیدہ نفیسہ شاہ جیلانی، ایم این اے سید جاوید علی شاہ ایم پی اے ہالار خان وسان، پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر نواب خان وسان اور ڈپٹی کمشنر خیرپور الطاف احمد چاچڑ نے بھی خطاب کیا اور پیپلز بس سروس کے نئے روٹس کو عوام کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ بعدازاں سینیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے ذوالفقار علی بھٹو بس ٹرمینل خیرپور پر ریبن کاٹ کر نئے روٹس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں