بھارتی اداکار اور سیاستدان جوزف وجے نے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے ہی اپنی ایک اسمبلی نشست چھوڑ دی، جس کے بعد ریاستی سیاست میں ہلچل پیدا ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تاملگا ویٹری کزگم کے رہنما وجے نے حالیہ انتخابات میں پیرامبور اور تروچی ایسٹ دونوں حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم قانون کے مطابق ایک وقت میں صرف ایک اسمبلی نشست رکھی جا سکتی ہے، اسی لیے انہوں نے تروچی ایسٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا۔
ان کا استعفیٰ ریاستی وزرا سینگوٹائیان اور وینکٹ رامنن نے اسمبلی سیکریٹری سری نواسن کو پیش کیا، جس کے بعد نشست کو باضابطہ طور پر خالی قرار دے دیا گیا۔ الیکشن کمیشن آئندہ چھ ماہ کے اندر اس حلقے میں ضمنی انتخاب کرائے گا۔
دوسری جانب چنئی کے نہرو انڈور اسٹیڈیم میں ہونے والی تقریب میں وجے نے تمل ناڈو کے 13ویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھایا۔ گورنر راجندر وشواناتھ آرلیکر نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں 9 دیگر اراکین اسمبلی نے بھی وزارتوں کا حلف اٹھایا، جن میں این آنند، آدھو ارجن، ارون راج، سینگوٹائیان اور سی ٹی آر نرمل کمار شامل تھے۔









