14

سکھر(بیورورپورٹ)فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کا بڑا ایکشن، کچے میں قبضہ مافیا اور درخت چوروں کے گرد گھیرا تنگ

سکھر(بیورورپورٹ)فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کا بڑا ایکشن، کچے میں قبضہ مافیا اور درخت چوروں کے گرد گھیرا تنگ
فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ سکھر کے کنزرویٹیو افتخار احمد آرائیں اور ڈی ایف او ضیاد اللہ لغاری نے کچے کے علاقوں میں سرگرم قبضہ مافیا اور قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کا اعلان کر دیا۔فاریسٹ حکام نے واضح کیا ہے کہ قومی اثاثوں کی لوٹ مار کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور جنگلات کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ حکام کے مطابق قانون سب کے لئے برابر ہے، چاہے مافیا کتنا ہی بااثر یا طاقتور کیوں نہ ہو، کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔کنزرویٹیو افتخار احمد آرائیں اور ڈی ایف او ضیاد اللہ لغاری نے کہا کہ جنگلات ملکی ماحولیات، قدرتی حسن اور آنے والی نسلوں کی امانت ہیں، ان پر قبضہ یا درختوں کی غیر قانونی کٹائی قومی جرم ہے۔ فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ لیگل ایکشن پلان کے تحت متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج کر دی ہیں جبکہ مزید کارروائی بھی جاری ہے۔ذرائع کے مطابق کچے کے مختلف علاقوں میں قبضہ مافیا نے سرکاری زمینوں اور جنگلات پر ناجائز قبضے جما رکھے تھے جبکہ لکڑی چور مافیا قیمتی درختوں کی کٹائی میں مصروف تھا، جس پر فاریسٹ حکام نے سخت نوٹس لیتے ہوئے گرینڈ آپریشن شروع کر دیا ہے۔شہری حلقوں اور ماحول دوست تنظیموں نے فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کے اس جرات مندانہ اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات کے دشمنوں کو عبرتناک سزا دی جائے تاکہ قومی وسائل کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں