November 18, 2026

میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی ) محکمہ صحت میں سیاسی بنیادوں پر تعیناتیوں اور میرٹ کی مبینہ

Screenshot_2026-05-08_163922

میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی ) محکمہ صحت میں سیاسی بنیادوں پر تعیناتیوں اور میرٹ کی مبینہ پامالی کے انکشافات نے تحصیل میلسی کے طبی نظام پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میلسی اور محکمہ صحت کی اہم انتظامی پوسٹوں پر سینیارٹی، تجربے اور مطلوبہ اہلیت کو نظر انداز کرتے ہوئے سیاسی دباؤ کے تحت جونیئر افسران کو تعینات کیا گیا، جس کے باعث محکمہ شدید بدانتظامی اور انتظامی بحران کا شکار ہوتا جا رہا ہے۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میلسی اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جیسی اہم اسامیاں گریڈ 18 کی ہیں، جبکہ تحصیل میلسی میں گریڈ 18 کے کئی سینئر ڈاکٹرز موجود ہونے کے باوجود گریڈ 17 کے ڈاکٹروں کو اہم انتظامی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ان حساس عہدوں کے لیے ایم بی بی ایس کے ساتھ ایم پی ایچ اور انتظامی تجربہ بھی اہم تصور کیا جاتا ہے، تاہم مبینہ طور پر تمام تقاضوں کو پس پشت ڈال دیا گیا۔ذرائع کے مطابق نا تجربہ کار انتظامیہ کے باعث تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میلسی میں متعدد اسپیشلسٹ ڈاکٹرز کو انتظامی امور میں الجھا دیا گیا، جس سے مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی متاثر ہونے لگی۔ ہسپتال میں ادویات کی قلت، مریضوں کے بڑھتے مسائل اور طبی شعبوں میں عدم توجہی پر بھی شہری حلقے تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔دوسری جانب تحصیل میلسی میں عطائیت کے بڑھتے کاروبار نے بھی محکمہ صحت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں میں غیر مستند افراد مبینہ طور پر مختلف ڈاکٹرز کے ناموں کے بورڈ لگا کر کلینکس چلا رہے ہیں، جبکہ کئی ڈینٹل کلینکس بغیر بی ڈی ایس ڈاکٹرز اور متعدد لیبارٹریاں بغیر مستند پیتھالوجسٹ کے کام کر رہی ہیں۔ اسی طرح کئی ایکسرے سینٹرز بھی ریڈیالوجسٹ کے بغیر سرگرم ہونے کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔یہ بھی الزام عائد کیا جا رہا ہے کہ محکمہ صحت کے بعض اہلکار مبینہ طور پر عطائی عناصر سے ماہانہ مبینہ مراعات وصول کرتے ہیں اور کارروائی کی شکایات آنے پر معاملہ دبا دیا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض اوقات غیر قانونی کلینکس کو“رجسٹرڈ ڈاکٹر کے کلینک”کے طور پر ظاہر کرکے کارروائی سے بچایا جاتا ہے۔مزید برآں، شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ تحصیل میلسی کے مختلف علاقوں میں موزی بیماریوں کے کیسز میں اضافہ بھی محکمہ صحت کی مبینہ غفلت اور ناقص نگرانی کا نتیجہ ہے، جبکہ انسدادی اقدامات خاطر خواہ دکھائی نہیں دے رہے۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلی پنجاب محترمہ مریم نواز سمیت اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ صحت میں میرٹ، تجربے اور اہلیت کی بنیاد پر تعیناتیاں یقینی بنائی جائیں اور اہم انتظامی عہدوں پر تجربہ کار افسران کو تعینات کیا جائے تاکہ صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات مؤثر اور عوامی اعتماد بحال ہو.