8

*جامعہ کراچی میں 392 ملین روپے کی لاگت سے 36 ہزار 500 مربع فٹ کورڈ ایریا پر تیار ہونے والے جدید سہولیات سے آراستہ گرلز ہاسٹل کا افتتاح*

*جامعہ کراچی میں 392 ملین روپے کی لاگت سے 36 ہزار 500 مربع فٹ کورڈ ایریا پر تیار ہونے والے جدید سہولیات سے آراستہ گرلز ہاسٹل کا افتتاح*

*200 زائد طالبات کی رہائش کی گنجائش رکھنے والا یہ ہاسٹل 67 کمروں پر مشتمل اور ہر کمرے میں تین بستروں کی گنجائش موجود ہے*

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا ہے کہ جامعات، بالخصوص جامعہ کراچی جیسی بڑی درسگاہوں میں جدید سہولیات سے آراستہ بڑے گرلز ہاسٹل کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ جامعہ کراچی میں نہ صرف شہر کراچی بلکہ ملک کے مختلف حصوں سے طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے آتی ہیں، اور ایسے میں معیاری رہائشی سہولیات ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہوتیں۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی اپنے طلبہ و طالبات کو بہترین تعلیمی و رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرلز ہاسٹل کی بروقت تکمیل ایک مثالی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، جس میں متعلقہ اداروں اور افسران کی مشترکہ کاوشیں شامل ہیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نےجمعرات کے روز جامعہ کراچی میں نو تعمیر شدہ گرلز ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے امید ظاہر کی کہ اس جدید گرلز ہاسٹل کے قیام سے نہ صرف کراچی بلکہ ملک بھر سے آنے والی طالبات کو محفوظ، معیاری اور سازگار رہائشی سہولیات میسر آئیں گی، جو ان کی تعلیمی سرگرمیوں میں مزید بہتری اور یکسوئی کا باعث بنیں گی۔
ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے مزید بتایا کہ جامعہ کے پرانے گرلز ہاسٹل کو ری ہیبلی ٹیشن سینٹر میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے لئے پی سی ون تیار کیا جارہا ہے اور اس منصوبے پر بہت جلد عملی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جامعہ میں صحت اور بحالی سے متعلق سہولیات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ جامعہ کراچی کے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر سعید احمد شیخ نے کہا کہ آج کا دن جامعہ کراچی کی ترقیاتی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ وہ جامعہ کراچی میں نومنتخب گرلز ہاسٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ جامعہ کی تعلیمی و رہائشی سہولیات میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ ڈاکٹر سعید احمد شیخ نے کہا کہ یہ جدید گراؤنڈ پلس تھری گرلز ہاسٹل ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے تعاون سے تعمیر کیا گیا ہے، جسے پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے اشتراک سے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ جامعہ کراچی کے ترقیاتی سفر میں ایک اور نمایاں اضافہ ہے، جس کا مقصد طالبات کو محفوظ، آرام دہ اور تعلیمی لحاظ سے سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ہاسٹل200 سے زائد طالبات کی رہائش کی گنجائش رکھتا ہے اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق تمام ضروری سہولیات سے آراستہ کیا گیا ہے تاکہ طالبات کو تعلیم، تحقیق اور ذاتی نشوونما کے لیے بہترین ماحول میسر آسکے۔ سعید احمد شیخ کے مطابق ہاسٹل کی عمارت گراؤنڈ سمیت تین منزلوں پر مشتمل ہے، جس کا مجموعی کورڈ ایریا 36 ہزار 500 مربع فٹ ہے جبکہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 39 کروڑ 20 لاکھ روپے لاگت آئی۔ ہاسٹل میں طالبات کے لیے 67 کمرے تعمیر کیے گئے ہیں اور ہر کمرے میں تین بستروں کی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہاسٹل کے لیے طالبات کے بستروں سمیت تمام ضروری فرنیچر فراہم کردیا گیا ہے، جس میں وارڈن آفس، کامن روم، ڈائننگ ہال اور والدین کے ویٹنگ روم و فرنیچر بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ہاسٹل میں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ساتھ سرور روم، فائر سیفٹی ایکسٹنگوئشرز ،کامن واشنگ ایریا،اور خصوصی افراد کے لیے ریمپ اور واش روم جیسی سہولیات بھی مہیا کی گئی ہیں تاکہ تمام طالبات کو محفوظ اور سہل ماحول فراہم کیا جاسکے۔ تقریب سےرئیس کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسرڈاکٹر ثمینہ سعید، گرلز ہاسٹل کی پرووسٹ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ محمود اور طحہٰ تھانوی نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں