اے سی ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کی زیر نگرانی نورپور تھل کی خوبصورتی اور مثالی انتظامی اقدامات
خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف
کسی بھی شہر کی پہچان صرف اس کی عمارتوں، بازاروں یا سڑکوں سے نہیں ہوتی بلکہ وہاں کے انتظامی نظام، صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات سے ہوتی ہے۔ خوش آئند امر یہ ہے کہ نورپور تھل میں اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ہارون احمد شیراز کی زیر نگرانی شہر کی خوبصورتی اور بہتری کے لیے مؤثر اور قابلِ تحسین اقدامات کیے جا رہے ہیں جن کے مثبت اثرات نمایاں طور پر سامنے آ رہے ہیں۔
تحصیل انتظامیہ کی جانب سے صفائی ستھرائی، تجاوزات کے خاتمے، بازاروں کی بہتری، ٹریفک کے نظم و ضبط اور شہری سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا گیا ہے جبکہ اہم شاہراہوں اور بازاروں میں خوبصورتی کے اقدامات بھی دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ ان اقدامات کی وجہ سے شہری ماحول پہلے کی نسبت زیادہ صاف، خوشگوار اور منظم محسوس ہوتا ہے۔
ڈاکٹر ہارون احمد شیراز نے بطور اسسٹنٹ کمشنر نہ صرف انتظامی معاملات میں دلچسپی لی بلکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے بھی متحرک کردار ادا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ عوامی، سماجی، تعلیمی، ادبی، کاروباری، تجارتی اور صحافتی حلقے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے تحصیل انتظامیہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک اچھا منتظم وہی ہوتا ہے جو دفتروں تک محدود رہنے کے بجائے عوام کے درمیان جا کر مسائل کو سمجھے اور ان کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے، اور ڈاکٹر ہارون احمد شیراز اس معیار پر پورا اترتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ حقیقت بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ کسی شہر کی ترقی میں صرف انتظامیہ ہی نہیں بلکہ عوام کا کردار بھی بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ اگر شہری صفائی، قانون کی پابندی اور شہری نظم و ضبط کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تو نورپورتھل شہر کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ انتظامیہ اور عوام کے باہمی تعاون سے ہی ایک مثالی اور ترقی یافتہ معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔
نورپور تھل میں جاری خوبصورتی مہم اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیت صاف اور قیادت متحرک ہو تو محدود وسائل میں بھی نمایاں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان اقدامات کو بتدریج جاری رکھا جاءے تاکہ نورپور تھل ایک صاف، خوبصورت اور مثالی شہر کے طور پر اپنی شناخت قائم رکھ سکے۔
بلاشبہ اسسٹنٹ کمشنر ڈاکٹر ہارون احمد شیراز اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشیں قابلِ صد ستائش و لائق تحسین وآفرین ہیں اور امید کی جا سکتی ہے کہ مستقبل میں بھی عوامی فلاح و بہبود اور شہر کی ترقی کیلئے ایسے مثبت اقدامات جاری رہیں گے۔