سکھر بلڈ بینک اور ڈرگ ڈونیشن سوسائٹی نے تھیلیسیمیا کے عالمی دن پر پروگرام منعقد کیا
سکھر(بیورورپورٹ)تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر سکھر بلڈ بینک اینڈ ڈرگس ڈونیشن سوسائٹی کی جانب سے بلڈ بینک ہسپتال میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر سی ای او سکھر بلڈ بینک ڈاکٹر محمد نعیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد ہمیں تھیلیسیمیا کی بیماری کو روکنے کے لیے کوشش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس بیماری کی روک تھام کے لیے قانون سازی کرنی چاہیے۔ سب سے بڑا مشکل کام تھیلیسیمیا کے بچوں کے لیے خون جمع کرنا ہے۔ بچوں کو چاہیے کہ وہ خود کو بیمار تصور نہ کریں۔ انہوں نے سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جو ہر حوالے سے تعاون کر رہی ہے۔ یہ بہت بڑا اور مشکل کام ہے جو سکھر بلڈ بینک کر رہا ہے اور ہم اس کام میں ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے.مہمان خصوصی ڈاکٹر خلیل ميمڻ نے کہا کہ آپ کو معلوم ہے؟ خون لینا اتنا آسان نہیں، بلکہ اسے دوسروں کو دینا بھی اہم ہے۔ ہمارے پاس تھیلیسیمیا کے آٹھ سو بچے ایڈمٹ ہیں، سکھر بلڈ بینک انہیں گھر کے افراد کی طرح ٹریٹ کرتا ہے۔ یہ ایک چیلنج ہے لیکن اس کا سامنا کرنا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ عوام کو پیغام دیں کہ یہ بچے بھی آپ کے ہیں، ایک تھیلی خون دینے سے ایک بچے کی جان بچائی جا سکتی ہے۔پروگرام میں ندیم الحق، شبیر ميمڻ، پینل آفیسر ماجد عزیز منگی، لالا کاشف اور دیگر نے شرکت کی۔ پروگرام کی کاروائی ایڈمنسٹریٹر عبدالجبار شيخ نے چلائی۔ اس موقع پر تھیلیسیمیا کے مریض بچوں میں کھلونوں کے تحفے بھی تقسیم کیے گئے اور آنے والے مہمانوں کو ٹوپیاں اور اجرک پہنائی گئیں۔پروگرام میں مریض بچوں کے والدین (خواتین و مرد)، سول سوسائٹی سے وابستہ رہنما، شہری اور صحافی بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔