سکھر کے لیے تاریخی پیش رفت: 100 ارب روپے کا گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ مقامی معیشت، سیاحت اور برآمدات میں بڑی تبدیلی کی نوید
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد خالد کاکیزئی ، حج، عمرہ، پی اے اے و سیاحت کمیٹی کے کنوینر محمد محسن فاروق اور سابق صدر انجینئر عبدالفتاح شیخ نے پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے اہم اجلاس میں شرکت کی، جہاں ڈی جی پی اے اے ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے سکھر میں مجوزہ گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ پیش کرتے ہوئے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں جرمنی اور برطانیہ سے آئے ہوئے بین الاقوامی مشیر نے بھی شرکت کی اور منصوبے کے مختلف تکنیکی و ترقیاتی پہلوؤں پر جامع بریفنگ دی۔ ڈی جی ایئر وائس مارشل ذیشان سعید کے مطابق تقریباً 100 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ جدید منصوبہ سکھر کو عالمی معیار کا بین الاقوامی ایئرپورٹ فراہم کرے گا، جو نہ صرف سفری سہولیات کو بہتر بنائے گا بلکہ خطے کو عالمی روابط سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس موقع پر محمد خالد کاکیزئی نے منصوبے کو تاریخی سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سکھر اور بالائی سندھ کی معیشت کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ ایئرپورٹ سکھر کے قریب ترین مقام پر تعمیر کیا جائے تاکہ مقامی آبادی اور کاروباری برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ سکھر چیمبر کے سرپرست اعلیٰ وقار محمود خان اور نوجوان رہنما بلال خان کے دیرینہ مطالبے کی تکمیل ہے اور آج یہ خواب حقیقت کا روپ دھارتا نظر آ رہا ہے۔ محسن فاروق نے کہا کہ بین الاقوامی ایئرپورٹ کے قیام سے حاجیوں، عمرہ زائرین اور سیاحوں کو براہ راست بین الاقوامی سفری سہولیات میسر آئیں گی، جس سے نہ صرف سفر میں آسانی ہوگی بلکہ سکھر میں سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ انجینئر عبدالفتاح شیخ نے اس منصوبے کو برآمدات کے لیے سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید کارگو سہولیات کی بدولت مویشی ، زرعی اجناس اور پھلوں کی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوگا اور مقامی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ اجلاس کے شرکاء نے حکومتِ پاکستان اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی اس دور اندیشی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو کر سکھر کو ایک اہم بین الاقوامی گیٹ وے میں تبدیل کرے گا۔