24

سرگودھا ( راجہ نورالہی عاطف سے) نیازی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سرگودھا میں شعبہ امراضِ نسواں و زچگی

سرگودھا ( راجہ نورالہی عاطف سے) نیازی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سرگودھا میں شعبہ امراضِ نسواں و زچگی کے زیرِ اہتمام دوسری بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں ملک بھر سے ماہرینِ امراضِ نسواں، سینئر معالجین، تدریسی عملہ اور طبی طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس میں تولیدی صحت کے حساس اور اہم مسئلے بانجھ پن کو مرکزی حیثیت دی گئی، جس میں اس کی بڑھتی ہوئی شرح، بنیادی وجوہات، بروقت تشخیص میں درپیش مشکلات اور جدید علاج کے طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔کانفرنس کے سرپرستِ اعلیٰ اور چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ڈاکٹر عبدالغفور نیازی تھے، جبکہ پرنسپل و سربراہِ جامعہ پروفیسر ڈاکٹر ایس۔ حیدر رضا نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس کی مرکزی منتظم اور شعبہ امراضِ نسواں کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر صائمہ قریشی تھیں۔سائنسی نشستوں میں مختلف ماہرین نے اپنے تحقیقی تجربات پیش کیے جبکہ اجلاسوں میں سوال و جواب اور علمی مباحثے بھی ہوئے جن سے شرکاء نے بھرپور استفادہ کیا۔
ماہرین کے پینل میں پروفیسر ڈاکٹر نصرت جاوید اعوان، پروفیسر ڈاکٹر سمر امین، پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد اور پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ سلیم شامل تھے۔نمایاں مقررین میں پروفیسر ڈاکٹر ارشد چوہان، پروفیسر ڈاکٹر عائشہ ملک، ڈاکٹر نورین جاوید، ڈاکٹر سعیدہ بانو، ڈاکٹر نادیہ شریف اور ڈاکٹر نبیلہ ارم شامل تھیں، جنہوں نے بانجھ پن، رحم کی بیماریاں، بیضہ دانی کے مسائل اور تولیدی نالیوں کی خرابی پر تفصیلی لیکچرز دیے۔کانفرنس کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ایس۔ شعیب حسین شاہ تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں جدید طبی تحقیق، طبی تعلیم کے فروغ اور تولیدی صحت کے مسائل کے حل میں ایسے علمی اجتماعات کی اہمیت پر زور دیا۔کانفرنس کے دوران دوا ساز اداروں کے تعاون سے آگاہی نشستوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔
طلبہ کی اندراجی ذمہ داری ڈاکٹر عائشہ ظہور نے انجام دی، جبکہ انتظامی ٹیم میں ڈاکٹر نادیہ باسط، ڈاکٹر اقرا خالد اور ڈاکٹر فرحین زہرہ شامل تھیں۔ کانفرنس کی رابطہ کار ڈاکٹر صدف کنعان تھیں۔آخر میں شرکاء میں اسناد تقسیم کی گئیں اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تولیدی صحت سے متعلق آگاہی، تحقیق اور جدید علاج کے فروغ کے لیے ایسے علمی پروگرامز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں