11

میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی ) کلین سٹی ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین ملک عابد نے میلسی شہر کو درپیش سنگین مسائل کے حوالے سے

میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی )
کلین سٹی ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین ملک عابد نے میلسی شہر کو درپیش سنگین مسائل کے حوالے سے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر عرصۂ دراز سے سیوریج سسٹم کی بار بار بندش اور برسات کے دوران تباہ کاریوں کا شکار ہے، جس کے باعث شہری شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معمولی بارش بھی میلسی کے گلی محلوں کو تالاب کا منظر پیش کرنے پر مجبور کر دیتی ہے، جبکہ سیوریج لائنوں کی ناقص حالت کے باعث گندا پانی سڑکوں اور گھروں میں داخل ہو جاتا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف شہری زندگی کو مفلوج کرتی ہے بلکہ مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بھی بن رہی ہے۔
ملک عابد نے مزید کہا کہ گزشتہ سال ہونے والی بارشوں نے میلسی میں سیلاب جیسی کیفیت پیدا کر دی تھی، جس کے نتیجے میں بے شمار دکانوں اور مکانات کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ کلین سٹی ویلفیئر سوسائٹی نے ان مسائل پر مسلسل آواز اٹھائی، مختلف فورمز پر درخواستیں جمع کروائیں، اور ایم این اے، ایم پی اے سمیت ضلعی انتظامیہ کو صورتحال سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر وہاڑی محترمہ عمرانہ توقیر اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی مہر خلیل کو بھی متعدد بار تحریری درخواستیں دی گئیں، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کو بھی پورٹل کے ذریعے تباہی کی تصاویر اور ویڈیوز ارسال کی گئیں۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام میں سیوریج، برساتی پانی کے نکاس، اور ڈسپوزل اسٹیشنز پر بجلی کی بندش کی صورت میں متبادل نظام (سولر پاور) شامل کیا گیا ہے، جبکہ اس کے علاوہ مزید چھ ترقیاتی منصوبے بھی زیر غور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ضرورت اس امر کی ہے کہ میڈیا اور سول سوسائٹی ان منصوبوں کے معیار اور شفافیت پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی سے مطالبہ کیا کہ تمام منصوبوں کے ورک آرڈرز کو عوام کے سامنے لایا جائے تاکہ کرپشن کے امکانات کم سے کم ہو سکیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ اندرون شہر کھلی نالیوں کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے، کیونکہ یہی نالیاں کچرے کو سیوریج لائنوں میں پہنچا کر ان کی بندش کا باعث بنتی ہیں، جس سے مسائل میں مزید اضافہ ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں