سکھر: اوباوڑو فوڈ سینٹر میں سرکاری گندم میں خرد برد کا انکشاف، اینٹی کرپشن ٹیم کا چھاپہ
گھوٹکی کے سابق فوڈ کنٹرولر حکیم علی مہر گرفتار، 34 کروڑ روپے کی سرکاری گندم میں خرد برد کا مقدمہ درج
سکھر (بیورورپورٹ)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سکھر نے اوباوڑو فوڈ سینٹر میں سرکاری گندم کی بڑے پیمانے پر خرد برد کا انکشاف کرتے ہوئے کارروائی کے دوران ضلع گھوٹکی کے سابق فوڈ کنٹرولر حکیم علی مہر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خلاف سرکاری گندم میں مبینہ طور پر 34 کروڑ روپے کی خرد برد کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق اوباوڑو کے پی آر سی فوڈ سینٹر میں سرکاری گندم کے ذخائر میں سنگین بے ضابطگیوں اور مالی خرد برد کی اطلاعات موصول ہونے پر اینٹی کرپشن سکھر کی خصوصی ٹیم نے اچانک چھاپہ مار کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران ریکارڈ کی جانچ پڑتال، اسٹاک کی تصدیق اور متعلقہ دستاویزات کا جائزہ لینے پر بڑے پیمانے پر مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری گندم میں خرد برد کے شواہد سامنے آئے۔ترجمان اینٹی کرپشن سکھر کے مطابق گرفتار ملزم حکیم علی مہر، جو ضلع گھوٹکی میں فوڈ کنٹرولر کے عہدے پر تعینات رہ چکا ہے، پر الزام ہے کہ اس نے اوباوڑو پی آر سی سینٹر میں سرکاری گندم کی خرید، ذخیرہ اور ترسیل کے عمل میں سنگین مالی بے ضابطگیاں کیں، جس کے نتیجے میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔
حکام کے مطابق ملزم کے خلاف 34 کروڑ روپے مالیت کی سرکاری گندم میں خرد برد کے الزام میں باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم اس سے قبل بھی دو الگ مقدمات میں نامزد ہے۔ اینٹی کرپشن ریکارڈ کے مطابق حکیم علی مہر پہلے ہی ایف آئی آر نمبر 01/2026 اور 02/2026 میں بھی مطلوب ہے، جن میں سبسڈی والی سرکاری گندم کی مبینہ غیر قانونی فروخت اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے چھاپے کے دوران متعلقہ ریکارڈ، اسٹاک رجسٹر، گوداموں کی تفصیلات اور دیگر اہم دستاویزات تحویل میں لے لی ہیں، جبکہ مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی ہر پہلو سے تحقیقات جاری ہیں اور خرد برد میں ملوث دیگر افسران و اہلکاروں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔اینٹی کرپشن سکھر کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزم حکیم علی مہر کو آج تفتیش کے لیے حراست میں رکھا گیا ہے اور اسے کل معزز عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کی استدعا کی جائے گی تاکہ مزید تفتیش کو آگے بڑھایا جا سکے۔عوامی و سماجی حلقوں نے اوباوڑو فوڈ سینٹر میں سرکاری گندم کی مبینہ خرد برد کے انکشاف کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کا احتساب یقینی بنایا جا سکے۔