خوشیوں بھری شادی کی وین نیشنل ہائی وے پر کھائی میں جاگری، 10 سے زائد خواتین و بچے زخمی
سکھر/روہڑی (بیورورپورٹ)ضلع روہڑی کے قریب جھانگڑو تھانے کی حدود میں نیشنل ہائی وے پر ایک المناک سڑک حادثے میں شادی کی وین کے تیز رفتاری کے باعث بے قابو ہو کر کھائی میں گرنے سے خواتین اور معصوم بچوں سمیت 10 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔یہ حادثہ کنڈی فارم کے مقام پر پیش آیا، جبکہ شادی کی وین شکارپور سے پنوعاقل جا رہی تھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا۔زخمیوں میں مسمات حسینہ گلشن، عثمان سمیجو، مسمات صفیہ، شازیہ، بھادر اور عنایت اللہ سمیجو سمیت دیگر شامل ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق بیشتر زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں، جبکہ چند کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ریسکیو حکام نے تیز رفتاری کو حادثے کی بنیادی وجہ قرار دیا ہے اور ڈرائیوروں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔