18

بھٹو ویلفیئر آرگنائزیشن کا روہڑی میں مفت طبی کیمپ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت ہے، ندیم قادر بھٹو کا اہم اعلان

بھٹو ویلفیئر آرگنائزیشن کا روہڑی میں مفت طبی کیمپ
دکھی انسانیت کی خدمت عبادت ہے، ندیم قادر بھٹو کا اہم اعلان

سکھر (بیورورپورٹ)بھٹو ویلفیئر آرگنائزیشن سکھر ضلع کے سرپرست ندیم قادر بھٹو نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کسی عبادت سے کم نہیں اور یہی پیغام اسلام اور قرآن ہمیں دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روہڑی میں بھٹو ویلفیئر آرگنائزیشن اور عوامی پریس کلب کے مشترکہ اشتراک سے منعقدہ مفت طبی کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے بھٹو ویلفیئر آرگنائزیشن کے سرپرست محمد منیر بھٹو، سکھر ضلع کے سینئر نائب صدر و عوامی پریس کلب روہڑی کے صدر جان محمد بھٹو، روہڑی تعلقہ کے سرپرست حضور بخش بھٹو، ضلعی فنانس سیکریٹری امداد علی بھٹو، کرم اللہ بھٹو اور عوامی پریس کلب کے نائب صدر سدھیر شیخ نے بھی خطاب کیا۔ندیم قادر بھٹو نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے اس دور میں انسانیت کی خدمت کا جذبہ ہی معاشرے کو جوڑے رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے فلاحی اقدامات کو ہر سطح پر فروغ دیا جانا چاہیے تاکہ غریب اور مستحق افراد کو بروقت ریلیف مل سکے۔انہوں نے واضح کیا کہ بھٹو ویلفیئر آرگنائزیشن کا دائرہ کار صرف کسی ایک برادری یا طبقے تک محدود نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا:”ہماری کوشش ہے کہ ہر ضرورت مند، ہر مظلوم اور ہر لاچار شخص تک پہنچا جائے، چاہے اس کا تعلق کسی بھی قوم، ذات یا علاقے سے ہو۔”طبی کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں ڈاکٹر ارشاد قریشی اور ڈاکٹر انور علی بھٹو کی ٹیم نے سینکڑوں شہریوں کا مفت معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات بھی فراہم کیں۔ مقامی افراد نے بھٹو ویلفیئر آرگنائزیشن اور عوامی پریس کلب کے اس اقدام کو سماجی خدمت کی بہترین مثال قرار دیا۔تقریب میں صحافیوں، سماجی کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے تنظیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی کام حکومت کے ساتھ عوامی تعاون کا بہترین نمونہ ہیں۔ شرکاء نے مزید کہا کہ اس طرح کے کیمپوں سے غریب اور لاچار مریضوں کو بڑی ریلیف ملتی ہے۔بھٹو ویلفیئر آرگنائزیشن مستقبل قریب میں مزید طبی اور فلاحی کیمپ منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک امداد پہنچائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں