November 18, 2026

سکھر: درگاہ بیدل بیکس کے عرس سے قبل پریس کانفرنس، ضلعی انتظامیہ پر غیر ذمہ دارانہ رویے کا الزام

IMG-20260429-WA0255

سکھر: درگاہ بیدل بیکس کے عرس سے قبل پریس کانفرنس، ضلعی انتظامیہ پر غیر ذمہ دارانہ رویے کا الزام
“قابض گروپ ڈی سی کو گمراہ اور بلیک میل کر رہا، عدالتی احکامات کے مطابق انتظامات سپرد کیے جائیں”

سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز ایچ۔ ڈی)درگاہ عالیہ بیدل بیکس کے سجادگان اور بیدل یادگار کمیٹی کے ذمہ داران نے سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ پر سالانہ عرس کے سلسلے میں انتہائی غیر سنجیدگی اور آمرانہ رویے کا الزام عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عرس محض دو دن کی دوری پر ہے مگر ڈپٹی کمشنر سکھر نے نہ تو بیدل یادگار کمیٹی کا باضابطہ اجلاس طلب کیا اور نہ ہی عدالتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا۔پریس کانفرنس میں میاں محمد محسن قریشی (سجادہ نشین)، حافظ محبوب احمد سہتو (رکن ضلع پیس کمیٹی سکھر)، صاحبزادہ محمد احسن قریشی (زیب سجادہ)، بشیر احمد چنہ (رکن بیدل یادگار کمیٹی) اور مفتی جمیل احمد چنہ (خادم درگاہ بیدل بیکس و نائب مفتی جامع غوثیہ رضویہ سکھر) نے شریک ہو کر تفصیلی بریفنگ دی۔”ایک مخصوص گروپ غیر قانونی طور پر معاملات پر قابض ہے”مقررین نے بتایا کہ ایک مخصوص گروپ، جو مسلسل ڈپٹی کمشنر سکھر اور ضلعی انتظامیہ کو گمراہ کرنے کے ساتھ بلیک میل بھی کر رہا ہے، غیر قانونی طور پر عرس کے انتظامات میں مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کی جانب سے منعقدہ غیر رسمی اجلاس میں ان کا رویہ آمرانہ، غیر سنجیدہ اور دھمکی آمیز رہا، جس کی شدید مذمت کی جاتی ہے۔ مزید برآں، بیدل یادگار کمیٹی اور ڈسٹرکٹ پیس کمیٹی کے معزز اراکین کو اسی گروپ کی خواہش پر اجلاس میں شرکت سے روک دیا گیا۔”عدالتی احکامات کے مطابق انتظامات قانونی سجادہ نشین کے سپرد کیے جائیں”ذمہ داران نے تین واضح مطالبات پیش کیے:1. عرس کے تمام انتظامات عدالتی احکامات کے مطابق قانونی سجادہ نشین کے سپرد کیے جائیں۔2. بیدل یادگار کمیٹی کو اس کا جائز اور قانونی کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے۔3. غیر قانونی قبضہ گروپ کی مداخلت کا فوری نوٹس لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہم صوفی روایت کے امین، عدم تشدد، محبت اور بھائی چارے کے پیروکار ہیں، تاہم مزارات کی بے حرمتی، شعائر اسلام کی تضحیک اور منشیات کے فروغ کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔”ڈی سی کا ناقابل عمل فیصلہ: ہمیں صرف 4 گھنٹے، قابض گروپ کو دونوں راتیں”سجادگان نے بتایا کہ انہوں نے صوفیانہ فضا برقرار رکھنے کے لیے تجویز دی تھی کہ عرس کے تین دنوں میں تقریبات کو تمام مکاتب فکر کے لیے منصفانہ طور پر تقسیم کیا جائے۔ لیکن ڈپٹی کمشنر نے انوکھا فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ سیشن کورٹ سے جیتنے والی پارٹی (قانونی سجادہ نشین) صرف 4 گھنٹے پروگرام کرے گی جبکہ قابض گروپ عرس کی دونوں راتیں پروگرام کرے گا۔طے شدہ تین روزہ شیڈول پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا:· پہلا دن (ہمارا پروگرام): بعد نماز مغرب 7:30 بجے سے 12 بجے تک علمائے کرام و نعت خوانوں کی محفل، پھر صوفیانہ محفل صبح 4 بجے تک جاری رہے گی۔· دوسرا دن (شکست یافتہ پارٹی): مغرب سے فجر کی اذان تک پروگرام۔· تیسرا دن: سرکاری پروگرام۔
“اگر مسائل حل نہ ہوئے تو ذمہ داری ڈی سی سکھر پر ہوگی”مقررین نے خبردار کیا کہ اگر فوری طور پر خوش اسلوبی سے مسائل حل نہ کیے گئے تو حالات کی مکمل ذمہ داری ڈپٹی کمشنر سکھر پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ درگاہ شریف پر سات ایف آئی آرز ہونے کے باوجود ڈی سی غیر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور مخالفین کو Facilitate کرتے ہوئے ہم پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔پریس کانفرنس کے آخر میں ذمہ داران نے واضح کیا کہ وہ پرامن ہیں مگر اپنے حقوق اور مقدسات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں، اور اب وقت آ گیا ہے کہ عرس کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔