6

تعلیم کا روشن سفر — ضلع خوشاب میں داخلہ مہم کا آغاز خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

تعلیم کا روشن سفر — ضلع خوشاب میں داخلہ مہم کا آغاز

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

معاشرے کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار تعلیم پر ہوتا ہے، اور یہی وہ بنیاد ہے جس پر ایک مضبوط اور مہذب قوم کی تعمیر ممکن ہوتی ہے۔ حکومتِ پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے تحت ضلع خوشاب میں داخلہ مہم کا آغاز ایک خوش آئند اقدام ہے، جو نہ صرف تعلیمی شعور کو فروغ دے گا بلکہ نئی نسل کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی بنے گا۔
اسی سلسلے میں ڈی ای او ایلیمنٹری سکولز خوشاب، فیض الحسن ملک اور ڈپٹی ڈی ای او تحصیل نورپورتھل، ظہیر عباس بھٹی نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول ظفر آباد رنگپور بگھور میں داخلہ مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ ہیڈماسٹر ملک عابد اقبال اور دیگر ٹیچنگ سٹاف بھی اس موقع پر موجودتھا۔ یہ اقدام اس عزم کا مظہر ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے زیور سے محروم نہ رہے اور ہر گھر تک علم کی روشنی پہنچے۔
اس موقع پر معزز افسران نے اس بات پر زور دیا کہ والدین اپنے بچوں کو سکول ضرور داخل کروائیں تاکہ وہ نہ صرف خواندہ ہوں بلکہ ایک ذمہ دار شہری کے طور پر معاشرے میں اپنا مثبت کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے گھر گھر جا کر آگاہی مہم چلائیں اور بچوں کو سکول لانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
داخلہ مہم دراصل صرف ایک سرکاری مہم نہیں بلکہ ایک سماجی تحریک ہے، جس میں ہر فرد کا کردار اہم ہے۔ والدین، اساتذہ کرام ، سماجی رہنما اور انتظامیہ سب کو مل کر اس مشن کو کامیاب بنانا ہوگا۔ کیونکہ تعلیم صرف ایک فرد نہیں بلکہ پوری قوم کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ سرکاری سکولوں میں سہولیات کی بہتری، مفت کتب، تربیت یافتہ اساتذہ کرام اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ ایسے میں والدین کا فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنانے کے لیے سرکاری سکولوں پر اعتماد کریں۔
آخر میں یہی کہا جا سکتا ہے کہ داخلہ مہم ایک روشن کل کی جانب پہلا قدم ہے۔ اگر ہم آج اپنے بچوں کو تعلیم کے راستے پر گامزن کریں گے تو کل یہی بچے ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ یہ مہم صرف داخلوں تک محدود نہ رہے بلکہ ایک مستقل تعلیمی انقلاب کی شکل اختیار کرے—یہی ہم سب کی مشترکہ کامیابی ہوگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں