7

پاکستان کے انتہائی اہم کردار کی وجہ سے امریکا کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ایران

پاکستان کے انتہائی اہم کردار کی وجہ سے امریکا کے ساتھ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے۔ایران

مذاکراتی عمل مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں جن کا مقصد کشیدگی کم کرنا اور کسی قابل قبول معاہدے تک پہنچنا ہے۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی

تہران(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جاری سفارتی رابطوں میں کچھ مثبت پیش رفت ضرور ہوئی ہے، تاہم کسی مکمل اور حتمی کامیابی تک پہنچنے کے لیے ابھی مزید وقت اور سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق انہوں نے واضح کیا کہ مذاکراتی عمل مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ مختلف سطحوں پر رابطے جاری ہیں، جن کا مقصد کشیدگی کم کرنا اور کسی قابل قبول معاہدے تک پہنچنا ہے۔سینٹ پیٹرزبرگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے پاکستان کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے ایران اور امریکا کے درمیان ثالثی میں نہایت اہم اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں نے دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بحال رکھنے اور بات چیت کو آگے بڑھانے میں نمایاں مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نازک حالات میں قابل اعتماد ثالثی خطے میں امن کے امکانات کو مضبوط بناتی ہے۔ایرانی وزیر خارجہ نے ماضی کے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سابقہ ادوار میں بات چیت کی ناکامی کی بنیادی وجہ امریکا کی غلط پالیسیاں اور حد سے زیادہ مطالبات تھے۔ غیر متوازن شرائط اور دباؤ کی حکمت عملی نے اعتماد کو نقصان پہنچایا اور کسی حتمی معاہدے کی راہ میں رکاوٹ بنی۔انہوں نے زور دیا کہ اگر مستقبل میں حقیقی پیش رفت مطلوب ہے تو مذاکرات کو احترام، برابری اور حقیقت پسندی کی بنیاد پر آگے بڑھانا ہوگا۔عباس عراقچی نے بتایا کہ حالیہ ملاقاتوں میں ماضی کے تمام معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ مذاکرات کے طریقہ کار، ممکنہ شرائط اور باہمی اعتماد سازی کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام اقدامات ایک بڑے سفارتی فریم ورک کا حصہ ہیں، جس کے ذریعے مستقل استحکام حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے، جہاں موجودہ جنگی صورتحال اور خطے کی تازہ پیش رفت پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔عباس عراقچی نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان علاقائی اور عالمی امور پر مسلسل مشاورت جاری ہے، جبکہ موجودہ حالات میں دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی پہلے سے زیادہ اہم ہو چکی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایران، روس اور پاکستان کے درمیان بڑھتی سفارتی سرگرمیاں دراصل خطے میں تناؤ کم کرنے اور ایک ممکنہ بڑے معاہدے کی بنیاد رکھنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں