رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار کی ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت پشاور سے ملاقات۔
ملاقات میں حلقے میں زرعی سرگرمیوں کے فروغ اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق رکن قومی اسمبلی ایم این اے شاندانہ گلزار نے ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت پشاور ڈاکٹر ظہورالدین سے ایک اہم ملاقات کی جس میں حلقے میں زرعی سرگرمیوں کے فروغ اور مجوزہ منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران ضلع پشاور میں زراعت کو درپیش مسائل، کاشتکاروں کو سہولیات کی فراہمی، جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال، اور پیداوار میں اضافے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ شاندانہ گلزار نے اس بات پر زور دیا کہ کسانوں کو معیاری بیج، کھاد، اور زرعی ادویات بروقت فراہم کی جائیں تاکہ ان کی پیداوار بہتر ہو سکے۔ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ زراعت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں کسانوں کی تربیت، کمانڈ ایریا پراجیکٹ ،سورج مکھی تخم، پھلدار باغات کی سکیم ، عمودی کاشتکاری و بے موسمی سبزیات کی کاشت اور فصلوں کی بہتری کے پروگرام شامل ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حلقہ این اے-30 میں زرعی ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر مجوزہ منصوبوں میں سب ڈیویژن حسن خیل کی انتظامی اختیارات محکمہ کو تفویض، مشک ، سبز الاچی، زغفران، ہلدی اور ادرک کی تجرباتی بنیاد پر کاشت، کسانوں کے لیے آگاہی پروگرامزمتعارف کروانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ شاندانہ گلزار نے کہا کہ وہ ان منصوبوں کی منظوری اور عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون سے زرعی شعبے کو مضبوط بنایا جائے گا اور کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔