سکھر: ریلوے اسٹیشن پر “پروجیکٹ جمالو” مکمل، شہر کی تخلیقی شناخت کو نیا رنگ مل گیا
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر شہر کی خوبصورتی اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک اور منفرد تخلیقی منصوبہ “پروجیکٹ جمالو” کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت سکھر ریلوے اسٹیشن پر ایک خوبصورت انجن کو ریلیف آرٹ کے ذریعے دلکش انداز میں تخلیق کیا گیا ہے، جو شہریوں اور مسافروں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس تخلیقی منصوبے کو “ٹیم حاضر سکھر” کی نگرانی میں مکمل کیا گیا، جبکہ اس اقدام کی قیادت سی ای او زیشان بلوچ نے کی۔ منصوبے میں گل کنسٹرکشن نے بھرپور تعاون فراہم کیا، جس کے باعث اس فن پارے کو بروقت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیا جا سکا۔اس منصوبے کی خاص بات معروف آرٹسٹ عبدالستار سیال کی فنی مہارت ہے، جنہوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے انجن کو ریلیف آرٹ میں اس انداز سے ڈھالا کہ یہ نہ صرف ایک فن پارہ بن گیا بلکہ سکھر کی ثقافت اور جمالیاتی ذوق کی عکاسی بھی کرتا ہے۔مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے منصوبے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ نوجوان نسل کو مثبت اور تخلیقی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ذرائع کے مطابق “پروجیکٹ جمالو” سکھر میں آرٹ اور ثقافت کے فروغ کی ایک کڑی ہے، جس کا مقصد عوامی مقامات کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ مقامی فنکاروں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی اسی نوعیت کے منصوبے شروع کیے جائیں تاکہ سکھر کو ایک خوبصورت، تخلیقی اور ثقافتی شہر کے طور پر مزید فروغ دیا جا سکے۔