سکھر اور گردونواح میں ایڈز کی وبا، 20 دنوں میں 20 کیسز کی تصدیق
سکھر اور گردونواح میں ایڈز کی وبا، 20 دنوں میں 20 کیسز کی تصدیق
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر اور آس پاس کے علاقوں میں ایچ آئی وی/ایڈز خطرناک صورتِ حال اختیار کر گیا ہے۔ سکھر سول اسپتال میں ایچ آئی وی/ایڈز کے لیے مختص او پی ڈی کے اعدادوشمار کے مطابق صرف سول اسپتال سکھر میں اپریل 2026 کے 20 دنوں کے دوران 32 مریضوں میں سے 20 میں ایڈز کی تصدیق ہوئی ہے، جو ظاہر کرتا ہے کہ نصف سے زائد افراد ایڈز کا شکار ہو چکے ہیں۔سکھر سول اسپتال میں قائم ایچ آئی وی/ایڈز سینٹر کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ سال 2025 میں سکھر کے غلام محمد مہر میڈیکل کالج سول اسپتال سکھر میں 1469 مریضوں کے ایچ آئی وی/ایڈز ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 204 افراد میں ایڈز کی تصدیق ہوئی تھی، یعنی ہر چھ میں سے ایک شخص ایڈز میں مبتلا پایا گیا تھا۔سکھر کے غلام محمد مہر میڈیکل کالج سول اسپتال میں قائم ایچ آئی وی/ایڈز سینٹر کے انچارج ڈاکٹر رابیل بھاگت کے مطابق اسپتال میں ٹیسٹ رپورٹس میں مثبت آنے والے مریضوں کو ادویات فراہم کی جاتی ہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بیماری خون کی ترسیل اور جنسی تعلقات سے پھیلتی ہے جس کی روک تھام کے لیے فوری بنیادوں پر عوام کو خود کو ٹیسٹ کروانے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اشد ضرورت ہے۔سکھر کے غلام محمد مہر میڈیکل کالج سول اسپتال کے ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زاہد ملک نے “عوامی آواز” سے گفتگو کرتے ہوئے سکھر اور آس پاس میں ایڈز کے پھیلاؤ اور مرض میں مبتلا مریضوں کی ہلاکتوں کے بارے میں کہا کہ سکھر سول اسپتال میں سرجری کے لیے آنے والے ہر مریض کی ایچ آئی وی/ایڈز رپورٹ مفت کی جاتی ہے تاکہ آپریشن کے دوران متاثرہ مریضوں کے خون سے دوسرے افراد یا عملہ متاثر نہ ہو۔ڈاکٹر زاہد ملک نے مزید بتایا کہ سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں ایڈز کے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈ موجود نہیں ہیں، البتہ میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کے ڈاکٹر سکھر میں آنے والے ایڈز کے مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔ شدید نوعیت کی سرجری والے ایڈز کے مریض کے لیے او ٹی کو مکمل بند کر دیا جاتا ہے، آپریشن میں استعمال ہونے والے آلات کو علیحدہ کیا جاتا ہے، اور سرجری کرنے والے ڈاکٹروں اور عملے کو مکمل پروٹوکول کے ساتھ روانہ کیا جاتا ہے تاکہ اس مریض سے کسی دوسرے کو جراثیم منتقل نہ ہو سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ انتہائی شدید مریض کو میڈیکل آئی سی یو میں چار بستروں پر مشتمل کمرے میں آئسولیٹ (الگ تھلگ) کیا جاتا ہے تاکہ عام افراد متاثر نہ ہوں۔ ڈاکٹر زاہد ملک نے موجودہ ایچ آئی وی/ایڈز میں تیزی سے اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے مکمل احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا۔ایچ آئی وی/ایڈز میں خطرناک حد تک اضافے پر سکھر کے سیاسی و سماجی رہنماؤں نے بھی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتالوں میں مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈ بنائے جائیں، عوام میں فوری اور بروقت آگاہی کے لیے موثر مہم چلائی جائے، موبائلائزیشن بڑھائی جائے، اور ہر شخص کا ایچ آئی وی/ایڈز ٹیسٹ لازمی کرایا جائے۔ انہوں نے حکومت سے اس حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اپیل کی ہے۔سکھر سول اسپتال میں سال 2026 کے پہلے تین مہینوں کے دوران ہونے والے ایچ آئی وی/ایڈز ٹیسٹوں میں خطرناک حد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دستیاب اعدادوشمار کے مطابق ہر چار میں سے پانچواں شخص ایڈز میں مبتلا ہو گیا ہے۔ جبکہ رواں ماہ اپریل کے 20 دنوں میں 32 افراد میں سے 20 میں ایچ آئی وی/ایڈز مثبت پایا گیا ہے، جو ایک انتہائی خطرناک سطح ہے۔ ایڈز کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان نے ہر شخص کو پریشانی اور خدشات کی صورتِ حال سے دوچار کر دیا ہے۔