November 17, 2026

سکھر(بیورورپورٹ)ایڈیشنل کمشنر-I سکھر ڈاکٹر محمد عامر انصاری کی زیر صدارت کمشنر آفس کے

IMG-20260424-WA0249

سکھر(بیورورپورٹ)ایڈیشنل کمشنر-I سکھر ڈاکٹر محمد عامر انصاری کی زیر صدارت کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں حج- ۱۴۴۷ ہجری بمطابق 2026ء کے انتظامات کے سلسلے میں ایک بین المحکمہ جاتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کمانڈنگ آفیسر اے ایس ایف سکھر فاروق احمد، اسٹیشن مینیجر پی آئی اے پرویز علی سومرو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر حج عبدالغنی، کمشنر سکھر میونسپل کارپوریشن پیر واحد بخش، ایکس ای این سیپکو سکھر خلیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر جنرل اطہر حسین میمن، اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر بشریٰ منصور، اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی سارہ فراز سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی، پولس، ایف آئی اے، کسٹمز اور محکمہ نارکوٹکس کے افسران اور نمائندے شریک تھے۔ اجلاس میں عازمین حج کی سہولیات کے لیے بہتر انتظامات پر غور کیا گیا، جبکہ عازمین حج کی ویکسینیشن کے اعلان سے قبل تمام تر مطلوبہ انتظامات کو مکمل کرنے پر زور دیا گیا۔ ایڈیشنل کمشنر سکھر ڈاکٹر محمد عامر نے محکمہ پولس کے نمائندے کو ہدایت کی کہ عازمین حج کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات اور ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنانے کے لیے ایئرپورٹ اور اطراف مناسب تعداد میں پولس اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے جبکہ بیگم نصرت بھٹو ایئرپورٹ سکھر سے 2 مئی کو روانہ ہونے والی پہلی حج فلائٹ سے 10 روز قبل حج کامپلیکس کی مرکزی راہداری پر ایک عارضی پولس چیک پوسٹ قائم کرنے اور واک تھرو گیٹ کی تنصیب کے حوالے سے انتظامات بھی کیے جائیں، جہاں پولس اہلکار حج آپریشن کی تکمیل تک سکیورٹی فرائض انجام دینے کے پابند ہوں، انہوں نے کہا کہ حج کامپلیکس تا سکھر ایئرپورٹ بسوں کی روانگی کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روکتھام کے پیش نظر پیشگی طور پر موبائل پولس اسکواڈ کو بھی تعینات کیا جائے، پولس کو حج کامپلیکس کی پیٹرولنگ کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں سکھر میونسپل کارپوریشن اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ذمہ داران کو حج آپریشن کے دوران اپنی اپنی ذمہ داریاں بطریق احسن انجام دینے کی ہدایت کی گئی، حج کامپلیکس میں مناسب صفائی کے لیے میل اور فیمیل خاکروب عملے کی تعیناتی، راستوں کے اطراف درختوں کی اضافی شاخوں/ ٹہنیوں کی ٹرمنگ، پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹنگ اور دیگر انتظامات کی پابندی کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔ ایڈیشنل کمشنر ڈاکٹر محمد عامر انصاری نے محکمہ صحت کے نمائندے کو پابند کیا کہ 2 مئی سے آخری حج فلائٹ تک حج کامپلیکس میں عارضی ڈسپینسری قائم کی جائے جہاں میل اور فیمیل ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو عازمین حج کے فرسٹ ایڈ کی فراہمی کے لیے لگاتار 24 گھنٹے شفٹ وائز ڈیوٹیوں کا پابند کیا جائے، جبکہ عازمین حج کی ویکسینیشن کے لیے اضافی پیرامیڈیکل عملے، ایمبولنس اور آکسیجن کی موجودگی اور بیماریوں کے پھیلاؤ کے پیش نظر دن رات فوگنگ عمل کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں، ایکس ای این سیپکو کو 2 مئی تا 20 مئی دوران حج آپریشن لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کرنے اور حج کامپلیکس میں ٹیکنیکل عملے کی تعیناتی سے عارضی کیمپ آفس کے قیام کی ہدایت کی گئی تا کہ بجلی سے متعلقہ کسی بھی پریشانی سے بروقت نمٹا جا سکے، اجلاس میں واضح کیا گیا کہ متعلقہ ایجنسیوں کو کسٹمز کلیئرنس کے لیے مناسب اسپیس اور سہولیات کی فراہمی، حج لاؤنج میں عازمین حج کی آگہی کے لیے متعلقہ ڈاکیومنٹری ڈسپلے اور پیپر بیسڈ مواد کی فراہمی کے علاوہ ضروری اعلانات سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ذمہ داریوں میں شامل ہوگا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں تمام محکموں کے ذمہ داران کو ہدایت کی گئی کہ انتظامیہ کی جانب سے حج آپریشن کے دوران بین المحکمہ جاتی بہتر کوآرڈینیشن کو یقینی بنانے کے لیے ایک واٹس ایپ گروپ بھی تشکیل دیا جا رہا ہے تا کہ مس کمیونیکیشن کے باعث کسی بھی مسئلے کو فوری حل کر لیا جائے، کیونکہ عازمین حج کی سہولیات متعلقہ تمام اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔