نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کا دوڑ کے امتحانی مراکز کا دورہ
نوابشاہ(رپورٹ۔انور عادل خانزادہ)ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی کا دوڑ کے امتحانی مراکز کا دورہ، ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی نے ایس ایس پی ثمیر نور چنہ کے ہمراہ تعلقہ دوڑ کے مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول اور گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں قائم امتحانی مراکز کا معائنہ کرتے ہوئے نقل کی روک تھام اور موبائل کلیکشن پوائنٹس سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے کہا کہ طلبہ کے بہتر مستقبل کے لیے کاپی کلچر کا خاتمہ نہایت ضروری ہے، کیونکہ ملک کی ترقی میں تعلیم یافتہ نوجوانوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی کہ وہ امتحانات میں دیانتداری کا مظاہرہ کریں اور نقل سے گریز کریں انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو نقل سے دور رہنے کی تلقین کریں تاکہ ان کا مستقبل روشن ہو سکے ڈپٹی کمشنر نے امتحانی مراکز کے عملے، انٹرنلز اور ایکسٹرنلز کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام امیدواروں کے موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز امتحانی مرکز کے گیٹ پر جمع کروائے جائیں اور دورانِ امتحان سخت نگرانی کو یقینی بنایا جائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دوڑ محمد ذاکر حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔