November 17, 2026

مٹی کی زرخیزی میں کمی کا مقابلہ کرنے کے لیے “فطرت کی طرف واپسی” ناگزیر ہے: سیمینار میں ماہرین کا خطاب

Screenshot_2026-04-23_193947

مٹی کی زرخیزی میں کمی کا مقابلہ کرنے کے لیے “فطرت کی طرف واپسی” ناگزیر ہے: سیمینار میں ماہرین کا خطاب

سکھر(بیورورپورٹ)سندھ کے زرعی ماہرین نے مٹی کی زرخیزی میں مسلسل کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زرعی نظام کو پائیدار بنانے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے۔ ماہرین نے کہا کہ زرعی شعبے کی بحالی کے لیے قدرتی طریقوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اس سلسلے میں “فطرت کی طرف واپسی” کی حکمت عملی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
یہ باتیں ماہرین نے شعبہ پلانٹ پیتھالوجی کی میزبانی میں اور پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری (PMNH)، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن (PSF)، اسلام آباد کے تعاون سے “فطرت کی طرف واپسی: مٹی کی زرخیزی میں چھوٹے جانداروں (جرثوموں) کا کردار اور طلبہ کے لیے کاروباری مواقع” کے عنوان سے منعقدہ سیمینار کے دوران کہیں۔ماہرین نے نشاندہی کی کہ سندھ کے کئی زرعی علاقوں میں مٹی کی زرخیزی میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کی بنیادی وجوہات میں مٹی میں نامیاتی مادے کی کمی، مسلسل ایک ہی فصل کی کاشت، پانی کی قلت اور کیمیائی کھادوں کا حد سے زیادہ استعمال شامل ہیں۔ ان وجوہات کی بنا پر نہ صرف زمین کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے بلکہ زرعی نظام کی طویل المدتی پائیداری بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔اپنے صدارتی خطاب میں فیکلٹی آف کراپ پروٹیکشن کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالمبین لودھی نے کہا کہ پائیدار زراعت کے لیے کیمیائی طریقوں پر انحصار کم کرکے ماحولیاتی نظام پر مبنی زرعی طریقے اپنانا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں تحقیق اور جدت کے ذریعے مٹی کی صحت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ “فطرت کی طرف واپسی” خاص طور پر مٹی میں موجود مفید جرثوموں کے استعمال کے ذریعے ایک مؤثر اور سائنسی حل فراہم کرتی ہے۔ ان چھوٹے جانداروں کا غذائی اجزاء کے چکر، نامیاتی مادے کی تحلیل اور مٹی کی ساخت کو بہتر بنانے میں بنیادی کردار ہے، جس سے فصلوں کی پیداوار میں اضافہ ممکن ہے۔مرکزی لیکچر دیتے ہوئے پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری (PMNH)، پاکستان سائنس فاؤنڈیشن کے کیوریٹر ڈاکٹر محمد اسماعیل بھٹی نے مٹی کے جانداروں کو “فطرت کے خاموش انجینئر” قرار دیا۔ انہوں نے طلبہ کو بائیو فرٹیلائزر، کمپوسٹ کی پیداوار اور ماحول دوست زرعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید زراعت میں پائیدار زرعی مصنوعات کی طلب تیزی سے بڑھ رہی ہے، جو نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔شعبہ پلانٹ پیتھالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد ابراہیم خاصخیلی نے کہا کہ سائنسی تحقیق کو عملی میدان سے جوڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹی کی حیاتیاتی سرگرمیوں کی بحالی کے بغیر زرعی نظام کو مضبوط اور پائیدار نہیں بنایا جا سکتا۔ سیمینار کے دوران طلبہ نے بھرپور شرکت کی اور ماہرین سے مٹی کی بحالی، جرثومی ٹیکنالوجی اور زرعی اسٹارٹ اپس سے متعلق سوالات کیے۔