ٹھٹہ رپوٹ عبدالعزیز شیخ ایوانِ صحافت پریس کلب ٹھٹہ کے صدر اکبر دالوانی اور سرپرستِ اعلیٰ نظیر احمد قریشی کی قیادت میں
ٹھٹہ
رپوٹ عبدالعزیز شیخ
ایوانِ صحافت پریس کلب ٹھٹہ کے صدر اکبر دالوانی اور سرپرستِ اعلیٰ نظیر احمد قریشی کی قیادت میں ایک اہم صحافتی وفد نے ایس ایس پی ٹھٹہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ضلع میں امن و امان کی صورتحال، منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور دیگر اہم سماجی مسائل پر تفصیلی اور سنجیدہ گفتگو کی گئی۔
وفد میں ایوانِ صحافت پریس کلب ٹھٹہ کے اہم عہدیداران اور اراکین، انیس ہلایو، نثار احمد گندرو، ارشاد علی گندرو، شیر علی شاہ کاظمی، زاہد علی شیخ، لالا شعیب پٹھان، حاجن نوتیار اور شاہزیب شیخ شامل تھے۔ وفد نے ضلع کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ٹھٹہ منشیات کی بڑھتی ہوئی لعنت سے شدید متاثر ہو رہا ہے، جس کے خاتمے کے لیے فوری، جامع اور مؤثر اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔
ملاقات کے دوران وفد کی جانب سے ایس ایس پی ٹھٹہ کو “ہیومن رائٹس پروٹیکشن اینڈ سوشل جسٹس ٹھٹہ” کے منتخب عہدیداران کی فہرست بھی پیش کی گئی، جبکہ انسانی حقوق کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور سماجی انصاف کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔
وفد نے منشیات کے خلاف جاری کارروائیوں پر ایس ایس پی ٹھٹہ کو سراہا اور اس مہم کو مزید تیز اور مؤثر بنانے کی اپیل کی۔ اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹہ نے کہا کہ ضلع میں منشیات کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے میں غفلت برتنے والے افسران کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کا پختہ عزم ہے کہ ضلع ٹھٹہ کو منشیات سے پاک بنایا جائے اور عوام کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔
اجلاس کے دوران ایوانِ صحافت ٹھٹہ کے جنرل سیکریٹری نثار احمد گندرو کی چوری شدہ موٹر سائیکل کے معاملے پر بھی بات چیت کی گئی، جس پر ایس ایس پی ٹھٹہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے جلد برآمدگی کی یقین دہانی کرائی۔
آخر میں ایوانِ صحافت پریس کلب ٹھٹہ کے وفد نے ایس ایس پی ٹھٹہ کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی امید ظاہر کی۔ وفد نے یقین دلایا کہ صحافتی برادری ہمیشہ ذمہ دار اور مثبت کردار ادا کرے گی اور ضلع میں امن، استحکام اور سماجی اصلاحات کے لیے بھرپور ساتھ دے گی۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں دونوں فریقین نے ضلع کی فلاح، ترقی اور امن و امان کی بہتری کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔