7

بہاولنگر () کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کا بہاولنگر کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ، شجرکاری مہم کا افتتاح

بہاولنگر () کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کا بہاولنگر کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری اداروں کی کارکردگی کا جائزہ، شجرکاری مہم کا افتتاح
بہاولنگر: کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ضلع بہاولنگر کا تفصیلی دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس آمد پر چاق و چوبند دستے نے کمشنر کو سلامی پیش کی جبکہ ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد عمران اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
کمشنر نے ڈپٹی کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ضلع کی مجموعی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی سکیموں، ریونیو، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار، معیار اور شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے ہدایات جاری کی گئیں۔
بعد ازاں کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے مختلف سرکاری اداروں اور ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا، جن میں ڈی ایچ کیو ہسپتال، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال، تعلیمی ادارے، ستلج پارک اور دیگر عوامی سہولیات کے مراکز شامل تھے۔ انہوں نے ہسپتالوں میں طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ تعلیمی اداروں میں تعلیمی ماحول اور امتحانی انتظامات کو بھی چیک کیا۔
اس موقع پر کمشنر نے شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا کر باقاعدہ افتتاح کیا اور کہا کہ ماحولیاتی بہتری اور سرسبز پاکستان کے لیے شجرکاری نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو زیادہ سے زیادہ پودے لگانے اور ان کی نگہداشت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
کمشنر نے تحصیل چشتیاں میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں کا بھی معائنہ کیا اور کام کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے کمشنر کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی جبکہ ڈی پی او بہاولنگر نے امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی آگاہ کیا۔
کمشنر نے مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں اور تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں