عمرکوٹ رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف
سامارو میں شہید ذوالفقار علی بھٹو حیدرآباد کے چیف آرگنائزر شہید کاشف علی کا چہلم انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، جہاں اہلِ خانہ اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق سامارو میں شہید کاشف علی کے چہلم کے موقع پر ان کے بھائی آصف علی، اشوک کمار، سونو، یونس چانڈیو اور انور سیال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کاشف علی کے قتل کو چالیس دن گزر چکے ہیں، مگر تاحال کوئی بھی ملزم گرفتار نہیں کیا جا سکا، جس سے اہلِ خانہ میں سخت مایوسی پائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہید کاشف علی ایک اہم سیاسی رہنما تھے، جنہیں بے دردی سے قتل کیا گیا، اور یہ واقعہ کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔ مقررین نے الزام عائد کیا کہ کیس کی تحقیقات میں سست روی برتی جا رہی ہے، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔
اہلِ خانہ نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی اعلیٰ سطح پر شفاف انکوائری کی جائے تاکہ اصل ملزمان کو گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو وہ احتجاجاً مین سپر ہائی وے بند کرنے پر مجبور ہوں گے۔
رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف عمرکوٹ