جیکب آباد : (نامه نگار) آل ڈومکی اتحاد کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں قبائلی اتحاد، تعلیم، امن اور بھائی چارے کے فروغ پر زور دیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی نوجوان سیاسی و قبائلی شخصیت میر روحیل خان ڈومکی سابق صوبائی وزیر میر غالب حسین ڈومکی، اور میر نوزبندغ خان ڈومکی تھے، جبکہ تقریب کی صدارت آل ڈومکی اتحاد کے چیئرمین علامہ مقصود علی ڈومکی نے کی۔ اس موقع پر ضلع جیکب آباد کے معززین، قبائلی عمائدین اور اہم شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میر روحیل خان ڈومکی نے کہا کہ آج کے دور میں قوموں کی تعمیر و ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ قبیلے کے نوجوان تعلیم کے میدان میں آگے بڑھیں اور اپنے علاقے و قوم کا نام روشن کریں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی کی جانب سے بہترین تقریب منعقد کی گئی ہے۔
سابق صوبائی وزیر میر غالب حسین ڈومکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنے بہترین کردار کے ذریعے انسانیت کی خدمت کرنی چاہیے اور قبیلے کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ مقصود علی ڈومکی کی جانب سے معززین کے اعزاز میں یہ تقریب ایک مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے، جو اتحاد، وحدت، امن اور بھائی چارے کا پیغام دے رہی ہے۔
مہمانِ خصوصی میر نوزبندغ خان ڈومکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ قبائلی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہمیں باہمی اختلافات کو ختم کر کے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا تاکہ اپنے اجتماعی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکے۔ انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم، شعور اور مثبت سرگرمیوں کے ذریعے قوم کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ آل ڈومکی اتحاد کا قیام اسی مقصد کے لیے عمل میں لایا گیا ہے کہ قبیلے میں اتحاد، نظم و ضبط اور بھائی چارے اور خدمت انسانیت کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی سوچ اپنانی ہوگی اور نئی نسل کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینی ہوگی تاکہ ایک مضبوط اور باوقار معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔
تقریب سے آل ڈومکی اتحاد کے وائس چیئرمین حاجی شاہ مراد خان ڈومکی، جنرل سیکرٹری استاد عبدالفتاح ڈومکی، مظفر علی ٹالانی، منصب علی ڈومکی، سٹی صدر جمیل احمد ٹالانی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور اتحاد و یگانگت کے پیغام کو اجاگر کیا۔