November 17, 2026

ہرمز کی آگ ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جس نے ایک بار پھر پوری دنیا کو ایک نئے بحران

IMG-20260419-WA0083

ہرمز کی آگ
ایران نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ جس نے ایک بار پھر پوری دنیا کو ایک نئے بحران کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ ایرانی حکام نے واضح کیا ہے کہ جب تک امریکہ اپنی پالیسیوں میں تبدیلی نہیں لاتا، ہرمز پر سخت فوجی کنٹرول برقرار رہے گا۔ اس فیصلے کے فوری اثرات بھی سامنے آ چکے ہیں، بحری جہازوں کی آمدورفت متاثر ہوئی، کئی جہازوں کو واپس لوٹنا پڑا اور بعض مقامات پر کشیدگی فائرنگ تک جا پہنچی۔ یوں عالمی تجارت کی یہ اہم ترین شاہراہ پھر غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئی ہے۔
ایران کا مؤقف اپنی جگہ واضح ہے۔ تہران کے مطابق اس نے مذاکرات کے دوران حسنِ نیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے محدود پیمانے پر گزرگاہ کھولی، مگر امریکہ نے نہ صرف وعدے پورے نہیں کیے بلکہ دباؤ اور ناکہ بندی کی پالیسی جاری رکھی۔ اسی پس منظر میں ایران نے اب سخت ردعمل اختیار کیا ہے اور اسے اپنی خودمختاری اور قومی وقار کا معاملہ قرار دیا ہے۔ دوسری جانب امریکہ بھی کسی لچک کے لیے تیار نظر نہیں آتا۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات میں بیک وقت مذاکرات کی امید اور جنگ کی دھمکی دونوں جھلکتی ہیں، جو اس کشمکش کو مزید پیچیدہ بنا رہی ہے۔
ہرمز کی تازہ صورتحال نے اس کشیدگی کو مزید خطرناک بنا دیا ہے۔ تجارتی جہازوں کی واپسی، حملوں کی اطلاعات اور بحری نقل و حرکت پر قدغن نے عالمی منڈیوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ توانائی کی ترسیل میں خلل کا خدشہ براہ راست عالمی معیشت کے لیے خطرہ بنتا جا رہا ہے، کیونکہ ہرمز سے گزرنے والا تیل اور گیس پوری دنیا کی صنعتی رفتار سے جڑا ہوا ہے۔
ان حالات میں سفارت کاری کی پاکستانی کوششوں کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ پاکستان نے خود کو ایک غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر منوایا، جسے علاقائی اور عالمی حمایت بھی حاصل ہے۔ تاہم اصل تنازع اب بھی اپنی جگہ قائم ہے اور وہ ایران کا جوہری پروگرام ہے۔ امریکہ اس پر مکمل پابندی چاہتا ہے، جبکہ ایران اسے اپنا قانونی اور خودمختار حق سمجھتا ہے۔ یہی بنیادی اختلاف ہر سفارتی پیش رفت کو محدود کر دیتا ہے۔ مزید برآں، ایرانی قیادت کے سخت بیانات اور عسکری تیاریوں نے اس بحران کو نظریاتی رنگ بھی دے دیا ہے، جس سے اس کے حل کی راہ مزید دشوار ہو گئی ہے۔
یہ بحران محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ عالمی استحکام کا امتحان ہے۔ عسکری دباؤ اور دھمکیوں کی سیاست کسی دیرپا حل کی ضامن نہیں بن سکتی۔ اگرچہ دونوں فریق جنگ سے گریز چاہتے ہیں، مگر اپنے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں۔ یہی تضاد اس کشمکش کو خطرناک بناتا جا رہا ہے۔
دنیا آج ایک نازک موڑ پر کھڑی ہے۔ ایک طرف جنگ کے سائے گہرے ہو رہے ہیں، تو دوسری طرف سفارت کاری کی ایک امید بھی باقی ہے۔ اب فیصلہ عالمی قیادت کے ہاتھ میں ہے کہ وہ اس بحران کو عقل و حکمت سے سنبھالتی ہے یا اسے ایک نئے تصادم کی طرف بڑھنے دیتی ہے، جس کے اثرات پوری دنیا کو بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔

ضیاء چترالی