علماء رابطہ کمیٹی جھنگ کا سہ ماہی اجلاس، اتحادِ امت پر زور
علماء رابطہ کمیٹی جھنگ کا سہ ماہی اجلاس، اتحادِ امت پر زور
جھنگ: علماء، مفتیانِ کرام، قرّاء، ائمہ، مدرسین، خطباء اور مبلغین پر مشتمل علماء رابطہ کمیٹی جھنگ کا سہ ماہی عمومی اجلاس جامعہ علومِ شرعیہ ٹوبہ روڈ جھنگ میں منعقد ہوا، جس میں دو سو سے زائد علماء کرام نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الرحیم نقشبندی نے کی، جبکہ پیرِ طریقت حضرت مولانا پیر حبیب اللہ نقشبندی کی سرپرستی اور فخرِ سادات حضرت مولانا سید مصدوق حسین شاہ بخاری کی نگرانی حاصل رہی۔
اجلاس کے مشترکہ اعلامیہ میں اکابر علماء نے امتِ مسلمہ کے اتحاد کو موجودہ دور کی اہم ترین اور ناگزیر ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے میں علماء اور دینی رہنماؤں کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ علماء و ائمہ کا وقار بلند ہونے سے معاشرے کی اخلاقی و روحانی تعمیر بہتر ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں بے راہ روی، اخلاقی جرائم اور دیگر معاشرتی برائیوں کی روک تھام ممکن ہوتی ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ ملک و ملت کی ترقی و استحکام میں علماء کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ پاکستان میں مدارسِ اسلامیہ دینی و عصری علوم کی ترویج میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ علماء اور مدارس کے طلبہ کو پاکستان کے محافظ اور صفِ اول کے سپاہی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ انہوں نے قیامِ پاکستان میں بھی کردار ادا کیا اور آج بھی علم، عمل اور اتحاد کے ذریعے ملک کو امن کا گہوارہ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔
علماء رابطہ کمیٹی جھنگ نے پاکستان کی تمام دینی تنظیموں، جماعتوں، تحریکوں اور اداروں سے بلا امتیازِ مسلک دردمندانہ اپیل کی کہ وہ شعائرِ اسلام، تحفظِ ناموسِ رسالت ﷺ، ناموسِ صحابہؓ، دینی مدارس، مساجد اور آئینِ پاکستان کے تحفظ کے لیے متحد اور متحرک ہو جائیں۔ اعلامیہ میں واضح کیا گیا کہ یہ محض مدارس اور مساجد کا مسئلہ نہیں بلکہ پاکستان میں دینی زندگی کی بقا کا معاملہ ہے، اور اگر دینی حلقے غفلت کا شکار رہے تو ایک تشویشناک اور نقصان دہ مستقبل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اجلاس کے اختتام پر پیرِ طریقت حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددیؒ، حضرت مولانا پیر عبدالرحیم نقشبندیؒ اور شاعرِ اسلام سید سلمان گیلانیؒ کے لیے دعائے مغفرت کی گئی اجلاس میں شہزادہ اہلِ سنت حضرت مولانا معاویہ اعظم (سابق ایم پی اے جھنگ) سمیت علماء رابطہ کمیٹی جھنگ کی شوریٰ کے اراکین حضرت مولانا مفتی عبید اللہ رحیمی، حضرت مولانا مفتی محمد رمضان، حضرت قاری عبدالشکور ارشد، حضرت مولانا غلام اللہ انور، حضرت مولانا قاری فضل الرحمن شاد، حضرت مولانا محمد سرور خان، حضرت مولانا عمر دراز سیال شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ حضرت مولانا عثمان مدنی، مولانا عمر دراز نہرا، حضرت مولانا قاری محمد طارق، حضرت مولانا مفتی محمد اشرف، حضرت مولانا عبدالعلیم حقانی، حضرت مولانا عبدالمالک فاروقی، حضرت مولانا پروفیسر حافظ ناصر حسن عارفی، حضرت مولانا عثمان طارق اور قاری خلیل احمد سالک سمیت دیگر علماء کرام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
جاری کردہ از:ترجمان، علماء رابطہ کمیٹی جھنگ