صحت کے شعبے میں اصلاحات اور جدید نظام کے نفاذ کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مؤثر شراکت داری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان
صوبائی حکومت معیاری نجی طبی اداروں کی خدمات حاصل کرکے عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر اور موثر طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ میر سرفراز بگٹی
کوئٹہ(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی حکومت اور آریا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے درمیان باہمی اشتراک کے فروغ سے متعلق ایک اہم اجلاس بدھ کے روز چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں منعقد ہوا اجلاس میں صحت کے شعبے میں سرکاری و نجی شراکت داری کے فروغ، کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں عوام کو بروقت، معیاری اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی، ایمرجنسی سروسز کی بہتری، کینسر اور دیگر موذی امراض کے علاج معالجے کی دستیابی اور طبی خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دینے سے متعلق امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں صحت عامہ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نجی شعبے کی مہارت، وسائل اور جدید طبی ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا اس سلسلے میں آریا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے ساتھ ممکنہ اشتراک کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا جن کے ذریعے ہسپتالوں کی استعداد کار میں اضافہ، تشخیصی و علاج معالجے کی سہولیات کی بہتری، جدید طبی خدمات کی فراہمی اور خصوصی طور پر کینسر سمیت پیچیدہ امراض کے علاج کو مقامی سطح پر یقینی بنایا جا سکے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت معیاری نجی طبی اداروں کی خدمات حاصل کرکے عوام کو ان کی دہلیز پر بہتر اور مؤثر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے انہوں نے کہا کہ کینسر اور دیگر موذی امراض کا معیاری علاج صوبے کے اندر ہی ممکن بنایا جائے گا تاکہ مریضوں کو دیگر شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں اصلاحات، جدید نظام کے نفاذ اور پائیدار ترقی کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مؤثر شراکت داری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اس ضمن میں ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی جو فوری نتائج کے حامل ہوں اور عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کریں وزیر اعلیٰ نے طبی تعلیم اور ریسرچ کے فروغ پر خصوصی زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس شعبے میں سرمایہ کاری بڑھا کر ماہر افرادی قوت تیار کی جائے تاکہ صوبے میں صحت کے نظام کو دیرپا بنیادوں پر مستحکم کیا جا سکے اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ مجوزہ اشتراک کے تحت ایسے عملی اور قابل عمل منصوبے ترتیب دیے جائیں جو نہ صرف قلیل مدت میں نتائج دیں بلکہ طویل المدتی بنیادوں پر بھی صحت کے شعبے میں بہتری کا باعث بنیں اجلاس میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون، سیکرٹری صحت مجیب الرحمٰن پانیزئی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر امین خان مندوخیل، آریا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر سہیل خان اور متعلقہ حکام شریک تھے۔