ہارون آباد//(نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر)غیر قانونی آئل ایجنسی کے خلاف سول ڈیفنس بہاول نگر کی کارروائی، 4 ڈسپینسنگ یونٹس قبضے میں لے لیے
ہارون آباد//(نمائندہ خصوصی سٹی رپورٹر)غیر قانونی آئل ایجنسی کے خلاف سول ڈیفنس بہاول نگر کی کارروائی، 4 ڈسپینسنگ یونٹس قبضے میں لے لیے گئےبہاول نگر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ڈائریکٹر سول ڈیفنس پنجاب راؤ تسنیم علی خان کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر و کنٹرولر سول ڈیفنس بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون کی زیر نگرانی، اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر کے ہمراہ سول ڈیفنس بہاول نگر نے غیر قانونی آئل ایجنسیوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مؤثر کریک ڈاؤن کیا۔
کارروائی کے دوران مخدوم آباد، تحصیل بہاول نگر میں قائم ایک غیر قانونی آئل ایجنسی کو بے نقاب کیا گیا، جہاں سے چار ڈسپینسنگ یونٹس (مشینیں) قبضے میں لے کر سیل کر دی گئیں۔ اس موقع پر محمد عابد، محمد آصف اور محمد فیصل کو غیر قانونی پٹرول فروخت میں ملوث پایا گیا جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
سول ڈیفنس آفیسر بہاول نگر، خواجہ عاشق حسین نے اس موقع پر کہا کہ:
“غیر قانونی آئل ایجنسیوں کا قیام نہ صرف قانون کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ عوامی جان و مال کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔ سول ڈیفنس بہاول نگر حکومتِ پنجاب کی ہدایات اور وزیر اعلیٰ کے وژن کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
“عوامی تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے، اور ہم کسی کو بھی غیر قانونی طریقے سے پٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت نہیں دیں گے۔ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی کاروبار کی فوری نشاندہی کریں تاکہ بروقت کارروائی کے ذریعے کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔”
یہ کارروائیاں حکومتِ پنجاب کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ عوامی سلامتی کے معاملے میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اور قانون کی پاسداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔