November 17, 2026

ہنگو میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس وین پر دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ۔

IMG-20260413-WA0134

ہنگو میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور پولیس وین پر دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ۔

کمانڈنٹ پی ٹی سی کا خراجِ عقیدت: شہید اسرار الحق کی قربانی فورس کی تاریخ کا روشن باب ہے۔

ہنگو(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق ضلع ہنگو کے مقام چھپری وزیران میں انسدادِ پولیو ٹیم کی سکیورٹی پر تعینات پولیس وین پر دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔ پولیس فورس کے جوانوں نے دلیری سے مقابلہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔مقابلے کے دوران پولیس ٹریننگ کالج (PTC) ہنگو میں انٹرمیڈیٹ کورس کے زیر تربیت جوان ہیڈ کانسٹیبل اسرار الحق نے بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ حملے میں انٹرمیڈیٹ کورس کے ہی ایک اور زیر تربیت جوان بخت آمین سمیت کنسٹیبل منور خان، کنسٹیبل مجاہد شریف، کنسٹیبل وسیم حسین، ایڈیشنل ایس ایچ او محمد خان اور لیوی اہلکار بلال زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔شہید اسرار الحق کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ پولیس ٹریننگ کالج ہنگو میں ادا کر دی گئی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کوسلامی پیش کی اور افسران نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔نمازِ جنازہ میں کمانڈنٹ پی ٹی سی رضوان منظور، ڈپٹی کمشنر گوہر وزیر خان، ڈی پی او طارق حبیب، ایم این اے یوسف خان اور دیگر سول و عسکری حکام نے کثیر تعداد میں شرکت کی جسکے بعد شہید کا جسدِ پورے اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے (شانگلہ) روانہ کر دیا گیا۔
کمانڈنٹ پی ٹی سی ہنگو رضوان منظور نے شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور جرات سے اس حملے کا مقابلہ کر کے ثابت کر دیا کہ دہشت گرد ہمیں مرعوب نہیں کر سکتے۔ شہید اسرار الحق نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر خیبر پختونخواہ پولیس کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ان کی یہ عظیم قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔”