سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) دانش سکول ہرنولی کی ہونہار طالبہ اقراء خان نے صوبائی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پیکٹا کے زیر اہتمام
سرگودھا (راجہ نورالہی عاطف سے) دانش سکول ہرنولی کی ہونہار طالبہ اقراء خان نے صوبائی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے پیکٹا کے زیر اہتمام جماعت ہشتم کے امتحان میں پنجاب بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ اس شاندار کارکردگی پر عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ضلع بھکر سے تعلق رکھنے والی اس باصلاحیت طالبہ نے نہ صرف اپنے ادارے بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کر دیا ہے۔ پیکٹا گریڈ 8 کے امتحان میں تقریباً 12 لاکھ طلباء و طالبات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنا ایک غیر معمولی اعزاز ہے۔ اقراء خان دانش سکول ہرنولی میں زیر تعلیم ہیں اور ان کا تعلق جنڈانوالہ کے نواحی علاقے چک نمبر 35-36 ایم ایل سے ہے۔
اقراء خان، عنایت اللہ خان نیازی کی صاحبزادی ہیں، جن کی اس تاریخی کامیابی پر علاقے بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں نے ان کے والد اور اہل خانہ کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے طالبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ اقراء خان کی یہ کامیابی دیگر طلباء و طالبات کے لیے مشعل راہ ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ محنت، لگن اور عزم کے ذریعے بڑی سے بڑی کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔