November 28, 2026

جیکب آباد: (نامه نگار) سابق وزیراعظم محمد میاں سومرو کی علامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات۔

IMG-20260410-WA0143

جیکب آباد: (نامه نگار) سابق وزیراعظم محمد میاں سومرو کی علامہ مقصود علی ڈومکی سے ملاقات۔ جیکب آباد کی سیاسی صورتحال و دیگر امور پر گفتگو

پاکستان کے سابق وزیراعظم، سابق چیئرمین سینیٹ اور سابق گورنر سندھ محمد میاں سومرو نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری نشر و اشاعت اور صوبہ سندھ کے آرگنائزر علامہ مقصود علی ڈومکی سے ان کی رہائش گاہ جامعۃ المصطفیٰ خاتم النبیین ﷺ پر ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران جیکب آباد کی موجودہ سیاسی صورتحال، اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ و اسرائیل کی جارحیت، اور مقامی سیاسی و سماجی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمد میاں سومرو نے کہا کہ بطور چیئرمین سینیٹ ان کے شہید ڈاکٹر علی لاریجانی اور مجلس شوریٰ اسلامی ایران کے اسپیکر غلام علی حداد عادل کے ساتھ بہترین تعلقات رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران دو برادر ہمسایہ اسلامی ممالک ہیں جن کے عوام کے درمیان گہرے دینی، ثقافتی اور تاریخی روابط موجود ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ محمد اقبال سے ایرانی عوام کو خصوصی عقیدت اور محبت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت پر پوری امت مسلمہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے علامہ مقصود علی ڈومکی سے گفتگو میں جیکب آباد کے سیاسی امور میں باہمی تعاون اور مشترکہ جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے جس جرات اور بہادری کے ساتھ امریکی و اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ کیا، اس سے دنیا بھر کے مظلوم انسانوں کو حوصلہ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی کامیابیاں رہبر معظم اور شہداء راہ حق کے پاکیزہ خون کا نتیجہ ہیں، جنہوں نے امریکہ اور اسرائیل کو پسپائی پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ غاصب صہیونی ریاست اسرائیل اور اس کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو ایک بار پھر خطے میں فتنہ و فساد کو ہوا دے رہے ہیں، تاہم ذلت و رسوائی ان کا مقدر ہے۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے جیکب آباد میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا فوری سدباب کیا جائے اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ جیکب آباد کے عوام کی آواز بننے اور مظلوم عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کی ضرورت ہے تاکہ یہ پیغام دیا جا سکے کہ عوام لاوارث نہیں ہیں۔

ملاقات میں مولانا سیف علی ڈومکی علی شیر لغاری مولانا اللہ ودھایو محمد علی ڈومکی سجاد علی و دیگر موجود تھے۔