روہڑی: میونسپل کارپوریشن کی نااہلی، دایہ گاؤں کی واٹر سپلائی لائن کئی ماہ سے تباہ، عوام پانی کو ترس گئے
روہڑی: میونسپل کارپوریشن کی نااہلی، دایہ گاؤں کی واٹر سپلائی لائن کئی ماہ سے تباہ، عوام پانی کو ترس گئے
روہڑی(بیورورپورٹ)روہڑی میونسپل کارپوریشن مبینہ طور پر کرپشن اور نااہلی کی علامت بنتی جا رہی ہے، جہاں شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔دایہ گاؤں کی واٹر سپلائی سے گاؤں گول علی واہن اور ڈلہو بھٹہ محلہ جانے والی پانی کی پائپ لائن کئی ماہ سے پھٹی ہوئی ہے، جس کے باعث علاقے میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہو چکی ہے اور مکینوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ پائپ لائن کے پھٹنے کے بعد مسلسل پانی ضائع ہو رہا ہے جبکہ دوسری جانب گاؤں گول علی واہن اور ڈلہو بھٹہ محلہ کے رہائشی پینے کے پانی کی قلت کا شکار ہیں۔ مقامی افراد کے مطابق پانی نہ ہونے کے باعث گھریلو امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، خواتین اور بچوں کو دور دراز علاقوں سے پانی لانے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے متعدد مرتبہ میونسپل حکام اور متعلقہ افسران کو پائپ لائن کی خرابی سے آگاہ کیا، لیکن تاحال کوئی مستقل اور مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شکایات کے باوجود مسئلہ حل نہ ہونا میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ذرائع کے مطابق میونسپل عملے نے اپنی نااہلی چھپانے کے لیے پائپ لائن کی مرمت کے نام پر عارضی اقدامات کیے اور پائپ پر کٹے اور کپڑے باندھ کر پانی کے رساؤ کو روکنے کی کوشش کی گئی، تاہم یہ طریقہ ناکام ثابت ہوا اور پانی کا ضیاع بدستور جاری ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں پانی کی قلت ختم نہیں ہو سکی۔مقامی رہائشیوں نے میونسپل کارپوریشن کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پائپ لائن کی فوری طور پر مکمل مرمت کی جائے اور پانی کی سپلائی بحال کی جائے۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ روہڑی میونسپل کارپوریشن میں کرپشن اور غفلت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے تاکہ عوام کو بنیادی سہولت میسر آ سکے۔اہل علاقہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر مسئلہ حل نہ کیا گیا تو وہ احتجاج پر مجبور ہوں گے۔