رستم کا پریمی جوڑا جان کے خوف سے سکھر پریس کلب پہنچ گیا
رستم کا پریمی جوڑا جان کے خوف سے سکھر پریس کلب پہنچ گیا
’ہم نے باہمی رضامندی سے شادی کی، اپنے ہی رشتہ دار جان کے دشمن بن گئے‘
سکھر (بیورورپورٹ) ضلع شکارپور کے علاقے رستم سے تعلق رکھنے والے ایک پریمی جوڑے نے جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر سکھر پریس کلب پہنچ کر تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔ جوڑے نے میڈیا کے سامنے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہوں نے باہمی رضامندی سے قانونی طور پر شادی کی تھی، تاہم اب لڑکی کے اہلِ خانہ اور قریبی رشتہ دار ان کی جان کے دشمن بن گئے ہیں اور انہیں قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔تفصیلات کے مطابق بلاول ولد غلام اصغر سومرو اور ان کی اہلیہ مسمات غزالہ ولد امداد علی سومرو نے پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے دو سال قبل خیرپور سیشن کورٹ میں باقاعدہ قانونی طریقے سے باہمی رضامندی سے شادی کی تھی اور بعد ازاں رستم میں خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہے تھے، تاہم شادی کے بعد غزالہ کے بھائیوں اور رشتہ داروں نے ان کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔مسمات غزالہ سومرو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ان کے والدین اور بھائی نہ صرف انہیں مسلسل ہراساں کر رہے ہیں بلکہ ان کے سسرال والوں پر جھوٹے مقدمات درج کرانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان پر چوری کا جھوٹا الزام عائد کرکے انہیں اور ان کے شوہر کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔غزالہ کا کہنا تھا کہ ان کے والدین اور بھائی امداد علی سومرو، نثار علی سومرو، مختیار علی سومرو، عامر سومرو اور کاشف سومرو سمیت دیگر رشتہ دار ان کی جان کے درپے ہیں۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ ان کے گھر پر حملہ کیا گیا، گھر میں موجود قیمتی سامان لوٹ لیا گیا جبکہ ان کے بھائی کو جھوٹے مقدمے میں پھنسایا گیا۔دوسری جانب بلاول سومرو نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے اپنی پسند سے قانونی شادی کی تھی، تاہم اب غزالہ کے بھائی اور قریبی رشتہ دار انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں خدشہ ہے کہ مخالفین کسی بھی وقت کوئی بڑا اور خطرناک قدم اٹھا سکتے ہیں، جس کے باعث وہ شدید خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
پریمی جوڑے نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ انہیں فوری طور پر قانونی تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ پرامن زندگی گزار سکیں۔ جوڑے نے مطالبہ کیا کہ ان کا مؤقف اور بیان ریکارڈ پر رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔اس موقع پر جوڑے نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں، ان کے مبینہ طور پر گرفتار بھائی کی رہائی کو یقینی بنایا جائے اور لوٹا گیا سامان واپس دلایا جائے، جبکہ ان کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔پریمی جوڑے کا کہنا تھا کہ اگر انہیں بروقت تحفظ نہ ملا تو انہیں کسی بھی وقت قتل کیے جانے کا خدشہ ہے، جس کی مکمل ذمہ داری مخالفین پر عائد ہوگی۔