خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف آرگنائزر لٹریری اینڈ سپورٹس ایکٹیوٹیز ڈسٹرکٹ خوشاب ملک
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) چیف آرگنائزر لٹریری اینڈ سپورٹس ایکٹیوٹیز ڈسٹرکٹ خوشاب ملک عبدالغفور آصف نے کہا ہے کہ نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اور اسی مقصد کے تحت ضلع بھر میں ادبی و کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوءے کہا کہ ادب اور کھیل نہ صرف نوجوانوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں بلکہ معاشرے میں مثبت سوچ اور صحت مند رجحانات کو بھی فروغ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف تعلیمی اداروں اور مقامی تنظیموں کے تعاون سے تقریری مقابلے، مشاعرے، سپورٹس گالا اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ملک عبدالغفور آصف نے مزید کہا کہ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے نہ صرف ٹیلنٹ کو سامنے لایا جا رہا ہے بلکہ نوجوانوں کو منفی رجحانات سے دور رکھنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ادبی و کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھیں گے اور ضلع خوشاب کو ایک متحرک اور باصلاحیت معاشرہ بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
انہوں نے والدین، اساتذہ کرام اور سماجی شخصیات سے اپیل کی کہ وہ نوجوانوں کی مثبت رہنمائی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ ایک بہتر اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔