سربیا،اہم روسی گیس پائپ لائن کے قریب سے دھماکا خیز مواد برآمد۔
سربیا،اہم روسی گیس پائپ لائن کے قریب سے دھماکا خیز مواد برآمد۔
یاد رہے کہ بلقان اسٹریم پائپ لائن روس سے نکلنے والی ترک اسٹریم کا اہم توسیعی حصہ ہے جو سربیا اور ہنگری کی توانائی ضرورت پوری کرتی ہے۔
بلغراد(انٹرنیشنل ڈیسک)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق سربیا کے صدر الیگزینڈر ووسک نے انکشاف کیا ہے کہ ملک کے شمالی علاقے کنجیزا میں روسی گیس پائپ لائن کے قریب سے مشکوک بیگ ملے ہیں۔بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ان بیگز کے اندر ڈیٹونیٹرز کے ساتھ دو بڑے دھماکا خیز پیکیج موجود تھے جو ایک بڑی تباہی کا سبب بن سکتے تھے۔صدر الیگزینڈر ووسک نے بتایا کہ پولیس اور فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور بارودی مواد کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ پائپ لائن بلقان اسٹریم کا حصہ ہے جو گیس ہنگری تک پہنچاتی ہے۔واقعے کے بعد ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایک ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ ہنگری کے حکام اس پیش رفت کے بعد توانائی کی ترسیل کے راستوں اور قومی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات پر غور کر رہے ہیں۔دوسری جانب ہنگری کے اپوزیشن لیڈر پیٹر میگیار نے اس واقعے کو ایک سازش قرار دیا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ ملک میں اگلے اتوار کو ہونے والے انتخابات میں خلل ڈالنے کے لیے یہ ایک فالس فلیگ آپریشن ہو سکتا ہے جس کا مقصد ووٹرز میں خوف پھیلانا ہے۔یاد رہے کہ بلقان اسٹریم پائپ لائن روس سے نکلنے والی ترک اسٹریم کا اہم توسیعی حصہ ہے جو سربیا اور ہنگری کی توانائی ضروریات پوری کرتی ہے۔ اس پائپ لائن پر کسی بھی قسم کا حملہ دونوں ممالک کی معیشت اور توانائی کے شعبے کے لیے ایک بہت بڑا بحران پیدا کر سکتا ہے۔سربیا کے حکام نے معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے انٹیلی جنس اداروں کو متحرک کر دیا ہے۔ فی الحال اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ اس سازش کے پیچھے کن عناصر کا ہاتھ ہے، تاہم حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ بڑے سانحے سے بچا جا سکے۔علاقائی سیکیورٹی ماہرین کے مطابق اس طرح کی کارروائیاں حساس انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے کی جاتی ہیں۔سربیا اور ہنگری کی حکومتیں اب بین الاقوامی تعاون سے اس خطرے سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہیں تاکہ توانائی کے بہاؤ کو کسی بھی قیمت پر منقطع ہونے سے روکا جا سکے