ہارون آباد ۔۔ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 6 ہزار روپے سے تجاوز، عوام شدید پریشان
ہارون آباد ۔۔ گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 6 ہزار روپے سے تجاوز، عوام شدید پریشان
ہارون آباد (حافظ ثاقب)مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائے شہریوں کے لیے ایک اور بُری خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت بڑھتے بڑھتے 6 ہزار روپے سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ قیمتوں میں اس ہوشربا اضافے نے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے، جس کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا دن بدن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، جبکہ گیس سلنڈر کی قیمت میں حالیہ اضافہ اُن کے لیے کسی صدمے سے کم نہیں۔ روزمرہ استعمال کی یہ بنیادی ضرورت اب عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے، جس سے گھریلو نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے حکومتِ پنجاب بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور گیس سلنڈرز کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ غریب عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، لہٰذا اربابِ اختیار اس سنگین مسئلے پر سنجیدگی سے توجہ دیں۔