عمرکوٹ ( رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی) ڈی آئی جی پی ایس پی یو (CPEC) کمانڈنٹ محمد
عمرکوٹ ( رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی) ڈی آئی جی پی ایس پی یو (CPEC) کمانڈنٹ محمد فاروق احمد نے تھر کول فیلڈ کے بلاک ون، بلاک ٹو اور نبی سر واٹر سپلائی منصوبے کا اہم دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں، سکیورٹی انتظامات اور منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر ڈی ایس پی شاہد حسین باجوہ بھی ان کے ہمراہ تھے،دورے کے دوران متعلقہ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تھر کول منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کا ایک اہم حصہ ہے، جس کے تحت بلاک ون اور بلاک ٹو میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبے جاری ہیں۔ بلاک ون میں 1320 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ زیر تکمیل ہے جبکہ بلاک ٹو میں بھی کوئلے کی کان کنی اور پاور پلانٹس کامیابی سے کام کر رہے ہیں،ڈی آئی جی کو بتایا گیا کہ ان منصوبوں کی کامیابی کے لیے پانی کی فراہمی نہایت اہم ہے، جس کے لیے نبی سر،وجھیار واٹر سپلائی منصوبہ شروع کیا گیا۔ اس منصوبے کے تحت نہر، پائپ لائن، واٹر ریزروائر اور ٹریٹمنٹ سسٹم کے ذریعے تھر کے پاور پلانٹس کو مسلسل پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جس سے تقریباً 1650 میگاواٹ بجلی کی پیداوار یقینی بنائی جا رہی ہے،حکام کے مطابق نبی سر واٹر سپلائی اسکیم کے ذریعے پانی کو نہری نظام اور ایل بی او ڈی کے ذریعے نبی سر سے وجھیار تک منتقل کیا جاتا ہے، جہاں سے اسے تھر کول بلاک ٹو سمیت دیگر توانائی منصوبوں کو فراہم کیا جاتا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں تقریباً 35 کیوسک پانی کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے تاکہ بجلی کی پیداوار متاثر نہ ہو،ڈی آئی جی پی ایس پی یو کمانڈنٹ محمد فاروق احمد نے دورے کے دوران سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سی پیک سے وابستہ منصوبوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول منصوبے ملکی معیشت اور توانائی کے بحران کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے ان کی بروقت تکمیل اور سکیورٹی اولین ترجیح ہے،بعد ازاں انہوں نے متعلقہ افسران کے ساتھ اجلاس بھی کیا، جس میں سکیورٹی، لاجسٹکس اور مقامی سطح پر درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تھر کے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا تاکہ ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں